
نئی دہلی، 27 ستمبر (ہ س) — مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے اتوار کو کہا کہ سازگار صنعتی پالیسیوں اور بڑی کمپنیوں کو راغب کرنے کی صلاحیت کے باعث اتر پردیش (یوپی) ملکی اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پسندیدہ سرمایہ کاری مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات، سرمایہ کاری اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں توسیع سے اتر پردیش کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے ہدف میں مدد ملے گی۔
گوئل نے گریٹر نوئیڈا میں منعقدہ ’یوپی انٹرنیشنل ٹریڈ شو‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی آمدنی میں نمایاں اضافے نے اس کی ترقی کو رفتار دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس وقت ریاست کی سالانہ برآمدات تقریباً 2 لاکھ کروڑ روپے ہیں، جنہیں 2030 تک بڑھا کر 5 لاکھ کروڑ روپے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر تجارت و صنعت نے انڈیا ایکسپو سینٹر اینڈ مارٹ، گریٹر نوئیڈا میں منعقدہ چوتھے ’یوپی انٹرنیشنل ٹریڈ شو‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’اپنی سازگار صنعتی پالیسیوں کی وجہ سے اتر پردیش ایک پسندیدہ سرمایہ کاری مرکز بن چکا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں بڑی کارپوریٹ کمپنیاں اور عالمی سرمایہ کار ریاست کا رخ کر رہے ہیں، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
گوئل نے بتایا کہ ریاست کی آبکاری ڈیوٹی سے حاصل ہونے والی آمدنی مالی سال 2016-17 میں 14,273 کروڑ روپے کے مقابلے میں چار گنا سے زیادہ بڑھ کر مالی سال 2025-26 میں 60,728 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ موجودہ مالی سال 2026-27 کے اختتام تک اس کے 70,000 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹامپ ڈیوٹی سے حاصل ہونے والی آمدنی سمیت زمین کی منتقلی کی رجسٹریشن فیس بھی مالی سال 2016-17 کے 11,564 کروڑ روپے سے بڑھ کر مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں 43,802 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ گوئل نے کہا کہ کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بھی اسی طرح نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس پوری آمدنی کو ریاست کی اقتصادی ترقی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کی ترقی کا اگلا مرحلہ عالمی منڈیوں میں برآمدات بڑھانا، بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، سیاحت کو مضبوط بنانا اور ریاست کے مقامی برانڈز کو عالمی سطح پر شناخت دلانا ہے۔
مرکزی وزیر تجارت نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ آج یوپی انٹرنیشنل ٹریڈ شو کے چوتھے ایڈیشن میں اتر پردیش کی صلاحیت، ہنر اور عالمی مواقع کے امتزاج کو قریب سے دیکھنے اور اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع ملا۔
گوئل نے کہا کہ ایکسپریس وے، ہوائی اڈوں اور صنعتی پارکوں سے لے کر دفاع، سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کلسٹرز تک اتر پردیش نے ترقی کی مضبوط بنیاد تیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش برآمدات کے لیے تیار، برانڈ سازی کے لیے تیار اور قابلِ اعتماد مینوفیکچرنگ پارٹنر بننے کی سمت مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ گوئل نے کہا کہ نوجوانوں کی طاقت، ایم ایس ایم ایز، کاریگروں اور نئی ٹیکنالوجی کی صلاحیت کے ذریعے مقامی مصنوعات کو عالمی سطح تک پہنچانا ہی وکست اتر پردیش اور وکست بھارت کا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی میلے کے یہ پانچ دن محض نمائش تک محدود نہیں ہیں بلکہ سال بھر جاری رہنے والے عالمی تجارت کے نئے مواقع کا آغاز ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی