
شملہ، 26 ستمبر (ہ س)۔ کئی دنوں تک خشک موسم رہنے کے بعد ہماچل پردیش میں ہفتہ کو موسم نے کروٹ لی۔ قبائلی ضلع کنور کے بلند علاقوں میں ستمبر کے آخر میں اچانک برفباری ہوئی، جس سے پہاڑی علاقوں میں سردی بڑھ گئی۔ ریاست کے دیگر بلند پہاڑی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری کی اطلاع ہے۔ شملہ سمیت کئی علاقوں میں بارش ہونے سے درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی۔
کلپا اورتاتبو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10 ڈگری تک گرا
کنور کے کلپا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں تقریباً 10 ڈگری کی کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 13.3 ڈگری سیلسیس رہا۔ تابو میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11 ڈگری کم ہوکر 13.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ راجدھانی شملہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 0.6 ڈگری کم ہوکر 21.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ہفتہ کو ریاست میں اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 0.7 ڈگری کی کمی آئی اور یہ معمول سے 0.6 ڈگری کم رہا۔ شملہ میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ نچلے علاقوں میں حبس بھری گرمی سے بھی لوگوں کو راحت ملی۔
27 ستمبر کو سرمور میں اورنج، سات اضلاع میں ایلو الرٹ
بھارتی محکمہ موسمیات نے 27 ستمبر کو ریاست کے کئی حصوں میں شدید سے بہت شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران آٹھ اضلاع میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا بھی امکان ہے۔
سرمور میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بلاسپور، کانگڑا، کلو، منڈی، شملہ، سولن اور کنور میں ایلو الرٹ رہے گا۔ سرمور میں شدید سے بہت شدید بارش کا خدشہ ہے۔ موسم کو دیکھتے ہوئے لوگوں کو محتاط رہنے اور ضروری احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
28 ستمبر کو تین اضلاع میں ایلو الرٹ
28 ستمبر کو شملہ، سولن اور سرمور میں ایلو الرٹ رہے گا۔ 29 ستمبر کے بعد موسم کے حوالے سے کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔ 30 ستمبر سے 2 اکتوبر کے درمیان درمیانی پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواو¿ں کے فعال ہونے اور مانسون کی باقی سرگرمی کے باعث موسم میں یہ تبدیلی آئی ہے۔ مانسون اب آخری مرحلے میں ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے ریاست سے رخصت ہونے کی صورت بن سکتی ہے۔
دھرم شالہ میں 46 ملی میٹر بارش
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کانگڑا ضلع کے صدر مقام دھرم شالہ میں سب سے زیادہ 46 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بھرےڑی میں 18 ملی میٹر، بنگانا میں 13 ملی میٹر اور دھولاکواں میں 11 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش اور بلند علاقوں میں برفباری کے بعد شملہ سمیت کئی پہاڑی علاقوں کے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد