
آئیچی-ناگویا، 25 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستان کی سروچی سنگھ اور کمل جیت کی جوڑی نے جمعہ کو ایشین گیمز 2026 میں 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے کھاتے میں ان کھیلوں کا دوسرا سونے کاتمغہ آ گیا۔
ہندوستانی جوڑی نے فائنل میں 484.6 پوائنٹس حاصل کرکے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا اور نیا ایشیائی ریکارڈ بھی قائم کیا۔جنوبی کوریا نے 478.0 پوائنٹس کے ساتھ چاندی، جبکہ ایران نے 415.8 پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ انڈونیشیا 349.4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر رہا اور تمغے کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔
سروچی اور کمل جیت نے فائنل کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔ پہلی سیریز میں ہندوستانی جوڑی نے 103 پوائنٹس حاصل کرکے برتری بنائی۔ دوسری سیریز میں 99.4 اور تیسری میں 101.1 پوائنٹس حاصل کرکے ہندوستان نے مجموعی طور پر 303.5 پوائنٹس کے ساتھ اپنی برتری برقرار رکھی۔
فائنل کے دوسرے مرحلے میں بھی ہندوستانی جوڑی کا غلبہ برقرار رہا۔ پہلی سیریز میں 61.2 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کا اسکور 364.7 تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد دوسری سیریز میں 60.2 پوائنٹس کا اضافہ کرکے ہندوستانی جوڑی نے مجموعی اسکور 424.9 کر لیا اور جنوبی کوریا پر 8.4 پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔
جنوبی کوریا نے آخری سیریز میں واپسی کی کوشش کی، لیکن سروچی اور کمل جیت نے دباو میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 484.6 پوائنٹس کے ساتھ سونے کا تمغہ یقینی بنا یا۔ ہندوستان کی برتری چاندی کا تمغہ جیتنے والے جنوبی کوریا سے 6.6 پوائنٹس رہی۔ ہندوستانی جوڑی کا اسکور عالمی ریکارڈ سے چار پوائنٹس کم رہا۔
اس کارکردگی کے ساتھ ہندوستان نے اس مقابلے کا ایشیائی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ اس سے پہلے ازبیکستان نے اسی سال نئی دہلی میں ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ کے دوران 481.3 پوائنٹس کے ساتھ یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
سروچی کا شاندار سفر
ہریانہ کے جھجھر کی رہنے والی سروچی سنگھ نے 13 سال کی عمر میں نشانے بازی شروع کی تھی۔ انہوں نے 2025 میں بیونس آئرس، لیما اور میونخ میں مسلسل تین انفرادی آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں بھی سونے کے تمغے حاصل کئے۔ لیما میں انہوں نے مکسڈ ٹیم میں بھی سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
2025 میں دوحہ ورلڈ کپ فائنل میں انہوں نے 10 میٹر ایئر پسٹل میں 245.1 پوائنٹس کے جونیئر عالمی ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ 2026 میں میونخ ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ نئی دہلی میں 2026 ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ میں انہوں نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
کمل جیت نے بھی بنائی خاص شناخت
ہریانہ کے ریواڑی ضلع کے سلکھا کے رہنے والے کمل جیت 10 میٹر ایئر پسٹل اور 50 میٹر پسٹل مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے 2019 میں شوٹنگ شروع کی تھی۔ 2023 میں چانگ وون میں منعقدہ آئی ایس ایس ایف جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ میں انہوں نے 50 میٹر پسٹل کے انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں سونے کے تمغے جیتے۔
2025 کی آئی ایس ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں انہوں نے 50 میٹر پسٹل ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ 2026 ایشین چیمپئن شپ میں 50 میٹر پسٹل کے انفرادی مقابلے میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
سونے کے اس تمغے کے ساتھ ایشین گیمز میں ہندوستان کے سونے کے تمغوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو 147 رن سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد