
بھونیشور، 25 ستمبر (ہ س)۔ بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے صدر اور اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نوین پٹنائک نے جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ووٹر لسٹ کے خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے پورے عمل کا جامع جائزہ لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
بھونیشور میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نوین پٹنائک نے کہا کہ مختلف الیکشن کمشنروں کے درمیان سامنے آنے والے اختلافات کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر کو فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ایس آئی آر عمل پر نئے سرے سے غور کیا جانا چاہیے۔ پٹنائک نے دہرایا کہ بی جے ڈی شروع ہی سے ایس آئی آر عمل کی مخالفت کرتی رہی ہے۔
پٹنائک کا یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار کو لے کر اپوزیشن جماعتوں کی تنقید میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، الیکشن کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران ووٹر رجسٹریشن، نام حذف کرنے اور بحالی، نیز ووٹر لسٹ سے متعلق اعداد و شمار کے انتظام سمیت مختلف امور پر کم از کم 14 مرتبہ اعتراضات درج کیے تھے۔
ان رپورٹس کی بنیاد پر اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے اندر فیصلہ سازی کے عمل پر سوال اٹھائے ہیں۔ کئی اپوزیشن جماعتوں نے سی ای سی کو ہٹانے، الیکشن کمیشن کے کام کاج کی تحقیقات کرانے اور ایس آئی آر عمل کو روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
بی جے ڈی صدر نے کہا کہ الیکشن کمشنروں کے درمیان مبینہ اختلافات کے پس منظر میں ایس آئی آر عمل کا جائزہ ضروری ہے۔ انہوں نے اس عمل کے حوالے سے اپنی پارٹی کی پہلے سے جاری مخالفت کو بھی دہرایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی