
پروگرام میں سرمایہ کاروں اور شراکت داروں سے ہوا مکالمہ
بھوپال، 25 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش نے گلوبل انویسٹرز سمٹ-2027 سے قبل گرین انرجی اور انرجی اسٹوریج کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیے۔ نئی دہلی میں واقع مدھیہ پردیش بھون میں جمعہ کو منعقدہ سرمایہ کار رابطہ اور شراکت دار مشاورتی پروگرام میں بیرسنگھ پور کے 200 میگاواٹ فلوٹنگ سولر اور 50 میگاواٹ/100 میگاواٹ گھنٹہ بیٹری اسٹوریج پروجیکٹ کے سلسلے میں 39 سے زائد ڈیولپر کمپنیوں اور ممتاز توانائی و مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے مکالمہ ہوا۔
ایم پی اربن ڈیولپمنٹ اینڈ ہاوسنگ ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجے دوبے نے پروجیکٹ نیز مدھیہ پردیش میں گرین انرجی اور انرجی اسٹوریج کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش اختراعی پولڈ فنانسنگ نظام اور حکومتی تعاون کے ذریعے شہری بنیادی ڈھانچے کی مالی معاونت میں ایک نیا معیار قائم کر رہا ہے۔ ڈیولپرز، مالیاتی اداروں اور توانائی کے شعبے کے سربراہان کی جانب سے دکھائی گئی گہری دلچسپی ریاست کے ترقیاتی وژن، ادارہ جاتی ساکھ اور پائیدار شہری ترقی کے تئیں وابستگی پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکموں اور سرکاری اداروں کے مابین باہمی ہم آہنگی کی کوششوں سے ایسے پروجیکٹس تیار کیے جا رہے ہیں جو ماحولیاتی نقطۂ نظر سے ذمہ دارانہ ہونے کے ساتھ ساتھ مالی اعتبار سے بھی مستحکم اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں ہیں۔
پروگرام میں مدھیہ پردیش پاور جنریٹنگ کمپنی لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر منجیت سنگھ نے پروجیکٹ کے مقاصد اور نوعیت سے واقف کرایا۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر اونیش شکلا نے پروجیکٹ کی تفصیلی پیشکش دی۔
سرمایہ کاروں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مشاورتی نیز سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا۔ اس میں پروجیکٹ سے متعلق مختلف موضوعات پر کھل کر بات چیت کی گئی اور سرمایہ کاروں و شراکت داروں کے مابین تجاویز کا تبادلہ ہوا۔ پروگرام کا تال میل مدھیہ پردیش اربن ڈیولپمنٹ کمپنی کے ٹیکنیکل آفیسر کملیش بھٹناگر اور سی ای او گنویر سنگھ نے کیا۔
پروگرام میں مدھیہ پردیش میں قابلِ تجدید توانائی اور انرجی اسٹوریج کے شعبے میں دستیاب سرمایہ کاری کے امکانات، پروجیکٹ کے مختلف پہلووں اور اس کے ممکنہ مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ یہ مکالمہ گلوبل انویسٹرز سمٹ-2027 کے لیے مدھیہ پردیش کی سرمایہ کاری کے امکانات کو سرمایہ کاروں کے روبرو پیش کرنے کی سمت میں اہم ثابت ہوا۔ واضح رہے کہ پروگرام میں 39 سے زائد ڈیولپر کمپنیوں اور توانائی نیز مالیاتی شعبے کے سرکردہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن