
مظفر پور، 25 ستمبر (ہ س)۔ ضلع کے اورائی بلاک سے ایک انتہائی المناک حادثے کی خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں کے مہیشواڑہ پنچایت کے تحت باگمتی ندی کی ذیلی ندی میں ایک کشتی اچانک غیر متوازن ہو کر الٹ گئی۔ اس حادثے میں کشتی پر سوار ایک 15 سالہ لڑکی گہرے پانی میں لاپتہ ہو گئی ہے، جبکہ کشتی پر سوار باقی تقریباً 13 افراد تیر کر بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔ واقعے کے بعد سے مقامی علاقے میں کھلبلی مچ گئی ہے اور لاپتہ بچی کے لواحقین کا رو رو کر برا حال ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق، باگمتی کی ذیلی ندی میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والی بچی کی شناخت دھرم پور گاوں ساکن ہوریل پاسوان کی 15 سالہ بیٹی رانی کماری کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کشتی پر سوار تمام افراد دھرم پور گاوں اور اس کے آس پاس کے ہی رہنے والے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی غوطہ خوروں اور گاوں والوں نے اپنی سطح پر لاپتہ لڑکی کی تلاش شروع کر دی، لیکن پانی گہرا ہونے کی وجہ سے کافی مشقت کے بعد بھی فی الحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاوں والے کشتی پر سوار ہو کر مویشیوں کے لیے گھاس لانے جا رہے تھے۔ کشتی پر تقریباً ایک درجن سے زائد افراد سوار تھے۔ اسی دوران ندی کے بیچ اچانک کشتی کا توازن بگڑ گیا۔ پانی کے تھپیڑوں کے باعث کشتی ڈگمگانے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری کشتی ندی میں الٹ گئی۔ کشتی الٹتے ہی موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ تاہم، کشتی پر سوار دیگر 13 افراد تیرنا جانتے تھے، جس کی وجہ سے وہ اپنی سوجھ بوجھ سے تیر کر محفوظ کنارے تک پہنچ گئے، لیکن رانی کماری پانی کے تیز بہاو کی نذر ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اورائی بلاک انتظامیہ اور مقامی پولیس کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی ہے۔ انتظامی افسران نے جائے وقوع کا معائنہ کیا ہے اور مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ صورتِ حال کے پیشِ نظر ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو بھی مطلع کیا جا رہا ہے تاکہ بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن چلا کر لاپتہ لڑکی کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔ اس حادثے کے بعد دھرم پور گاوں میں غم کا ماحول ہے اور متاثرہ خاندان گہرے صدمے میں ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن