
نسین، 24 ستمبر (ہ س)۔ جمعرات کو ایشین گیمز 2026 میں افغانستان نے مردوں کی کرکٹ کے اپنے پہلے میچ میں میزبان جاپان کو 48 رنوں سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا۔ کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رن بنائے جس کے جواب میں جاپان کی ٹیم 19.3 اوور میں 81 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔
ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر عرب گل مومند نے افغانستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 8 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ بائیں ہاتھ کے اسپنر ننگیالیہ کھروتی نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبداللہ احمد زئی اور نجیب اللہ زادران نے بھی وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے افغانستان کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ حسن ایسخیل 10 گیندوں پر تین رن بنانے کے بعد چلے گئے۔
ڈیبیو اوپنر محمد اکرم نے 29 گیندوں پر 34 رن کی اننگ کھیلی۔ ایک مرحلے پر افغانستان نے15 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 79 رن بنائے تھے۔
کپتان درویش رسولی اور وکٹ کیپر محمد اسحاق نے پھر تیز رن بنائے۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے صرف 25 گیندوں پر 44 رنوں کی شراکت کی۔ رسولی نے 27 گیندوں پر 29 اور اسحاق نے 17 گیندوں پر 25 رنز بنائے جس سے افغانستان نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رن بنائے۔ جاپان کی جانب سے ابراہیم تاکاہاشی اور شوما سوگیا سلیٹر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، جاپان کو پہلے اوور میں ابتدائی دھچکا لگا جب عبداللہ احمد زئی نے اپنا کھاتہ کھولے بغیر لاچلان یاماموتو لیک کو پویلین بھیج دیا۔ تاہم ریو ساکورانو تھامس نے 23، کینڈل کاڈوواکی فلیمنگ نے 14 اور بینجمن ایٹو ڈیوس نے 17 اسکور کر کے جاپان کو مقابلے میں برقرار رکھا۔
جاپان کا اسکور ایک مرحلے میں 7.3 اوور میں 1 وکٹ کے نقصان پر 53 رنز تھے اور اسے 75 گیندوں پر 77 رنز درکار تھے۔
اس کے بعد افغان اسپنرز نے میچ کا رخ مکمل طور پر بدل دیا۔ ننگیالیہ کھروتی اور نجیب اللہ زادران نے وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عرب گل مومند نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔
تین وکٹوں کے نقصان پر 60 رن بنانے کے بعد جاپان نے بغیر کوئی رن بنائے تین وکٹیں گنوا دیں اور جلد ہی ان کا اسکور 8 وکٹوں کے نقصان پر 63 ہو گیا۔ عرب گل نے دو میڈن اوورز میں دو دو وکٹیں لے کر جاپانی اننگز کی کمر توڑ دی۔ آخر میں عبداللہ احمد زئی اور کھروتی نے آخری دو وکٹیں لے کر جاپان کو 81 رنوں تک محدود کر دیا۔
اس جیت کے ساتھ افغانستان نے ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ آغاز کیا ہے۔ نیپال گروپ اے میں افغانستان اور جاپان کے ساتھ ہے۔ گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی۔
مختصر اسکور
افغانستان: 129/6 (محمد اکرم 34، درویش رسولی 29 ؛ ابراہیم تاکاہاشی 2/19، شوما سوگیا-سلیٹر 2/18) نے جاپان کو شکست دی۔
جاپان : 81 (ریو ساکورانو تھامس 23، بینجمن ایٹو ڈیوس 17 ؛ عرب گل مومانڈ 4/8،نانگیالیا کھروتی 3/19) کو48 رنوں سے ہار کا سامناکرناپڑا۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی