



وزیر اعظم مودی نے عوامی زندگی کے 25 برسوں میں خدمت کے جذبے کو بھی شرمندہ تعبیر کیا : موہن یادو
۔ ایم پی کے وزیر اعلیٰ نے دیواس کے پنجاپورا میں سیوا سنکلپ بائک رائڈرس کا استقبال کیا، وزیر اعظم نے بائک رائڈرس سے ورچوئل بات چیت کی
بھوپال، 24 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے عوامی زندگی کے 25 برسوں میں مسلسل محنت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ کام کیا ہے۔ سال 2001 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ان کی آئینی ذمہ داری کا آغاز ہوا اور آج وہ ملک کے وزیر اعظم کے طور پر قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جمعرات کے روز سیوا سنکلپ مہم کے تحت وڈنگر سے وارانسی جا رہی نوجوانوں کی بائک یاترا کا ضلع دیواس کے پنجاپورا میں خیر مقدم کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ غریب، کسان، خاتون، نوجوان اور محروم طبقے کے ہر فرد کو ترقی کے مرکزی دھارے سے جوڑنے کی کوشش وزیر اعظم مودی کے طرزِ عمل میں واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے ملک کو شاندار اور پروقار شری رام مندر کا تحفہ دیا، ساتھ ہی رام راجیہ کے تصور کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ہر غریب کو مکان، وافر اناج اور بچوں کے لیے بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرائیں۔
وزیر اعلیٰ نے سماجی تحفظ پنشن کے ریاست کے 35 لاکھ 42 ہزار مستفیدین کو سنگل کلک کے ذریعے 212 کروڑ 57 لاکھ روپے کی رقم ان کے کھاتوں میں منتقل کی۔ انہوں نے کرناوت پولیس امدادی مرکز کو پولیس تھانہ بنانے، پولیس جوانوں کے لیے رہائش گاہوں کی تعمیر اور سرکاری گودام کے لیے فنڈ منظور کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پروگرام میں سیوا سنکلپ بائک یاترا کے دوران بائک بھی چلائی۔ انہوں نے ہونہار طلبہ کو اسکوٹی دی اور مستفیدین کو فوائد تقسیم کیے۔ انہوں نے بائک رائڈرس کے ساتھ شجر کاری بھی کی۔
وزیر اعظم مودی نے وڈنگر سے وارانسی کے لیے نکالی گئی ’سیوا سنکلپ بائک یاترا‘ میں شامل رائڈرس سے مختلف مقامات سے ورچوئل بات چیت کی۔ ضلع دیواس کے پنجاپورا میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی موجودگی میں بائک رائڈرس گروپ کے سیوا یاتری دیپیش گوٹی نے وزیر اعظم سے بات چیت میں اب تک کے اپنے سفر کے تجربات شیئر کیے۔ ضلع شاجاپور کے رہائشی گوٹی نے بتایا کہ سفر کے دوران دیگر ریاستوں کے نوجوانوں سے دوسری زبانیں سیکھنے اور ان کی تہذیب سے واقف ہونے کا موقع ملا ہے۔ راستے میں پی ایم آواس کے مستفیدین سے ملاقات ہوئی۔ مختلف اسکیموں کے مستفیدین کو نمو ایپ سے جوڑا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم مودی کے وڈنگر میں مقامی لوگوں سے رابطہ بڑھانے کے سوال پر دیپیش گوٹی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کاروبار کی غرض سے کچھ مقامی لوگوں کے موبائل نمبر لیے ہیں۔ اس پر وزیر اعظم مودی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی بات ہے۔ اب مدھیہ پردیش کا مزاج بھی بدل رہا ہے۔ مدھیہ پردیش کے نوجوان بھی جہاں جا رہے ہیں، وہاں کاروبار کے مواقع تلاش کر رہے ہیں، ان میں تجارتی جذبہ بھرا ہوا ہے۔ مدھیہ پردیش کے نوجوانوں نے سیوا سنکلپ یاترا میں ’مائی پرامس ٹو مودی جی‘ کی نئی پہل کی ہے، جس میں 25 فلاحی کاموں کی فہرست بنائی گئی ہے اور ہر سیوا یاتری کو کسی ایک فلاحی خدمت کا عہد دلایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یاترا کے دوران خدمت، عوامی رابطے اور قومی یکجہتی سے جڑے پیغامات کو عوام تک پہنچانے کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ ہماری ثقافت میں قدیم زمانے سے اسفار کی خصوصی اہمیت رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ہم وطنوں کی خدمت کے لیے اپنے عزم کے تحت زندگی کا ہر لمحہ اور اپنا ہر قطرہ قوم کے لیے وقف کر دیا ہے۔ ہر شہری کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے وزیر اعظم مودی مسلسل سرگرم ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ریاستی حکومت کی کامیابیاں بتاتے ہوئے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں اور بچوں کو بہتر تعلیم اور روزگار دینے کے لیے تمام تر کوششیں کی گئی ہیں۔ سرکاری اسکولوں کے ہونہار بچوں کو لیپ ٹاپ، اسکوٹی، سائیکلیں، کتابیں اور اسکالرشپ دی جا رہی ہے۔ ریاست کے سرکاری پرائمری اسکولوں میں ڈراپ آوٹ شرح کسی زمانے میں 16 فیصد تھی، لیکن ہماری حکومت کی کوششوں سے اب ڈراپ آؤٹ شرح صفر ہو گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے اسکولی تعلیم کا بجٹ 38 ہزار کروڑ روپے مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وڈنگر سے وارانسی اور وارانسی سے وڈنگر تک 35 ہزار کلومیٹر سے زیادہ مسافت کی بائک سیوا یاترا نکالی جا رہی ہے۔ تقریباً 17 ہزار کلومیٹر مسافت یعنی نصف سے زائد سفر مدھیہ پردیش کی سرزمین پر طے ہوگا۔ ریاست کے نوجوان ذمہ دار اور باشعور بنیں، انہی کی بنیاد پر مستقبل کا مدھیہ پردیش اور ملک خوشحال بنے گا۔ ریاستی حکومت نے محکمہ پولیس میں 18 ہزار اسامیوں پر نئی بھرتی کی ہے۔ ایم ایس ایم ای سیکٹر سے 1 کروڑ 20 لاکھ لوگوں کو روزگار مل رہا ہے۔ مدھیہ پردیش میں بے روزگاری کی شرح ملک بھر میں سب سے کم ہے۔ دیواس کے پنجاپورا میں منعقدہ پروگرام میں علاقائی عوامی نمائندے اور بڑی تعداد میں نوجوان موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن