
مشرقی سنگھ بھوم، 24 ستمبر (ہ س):۔
جھارکھنڈ کے جمشیدپور کے سوناری تھانہ علاقے میں میرین ڈرائیو پر دوموہانی کے قریب جمعرات کی صبح تقریباً 3 بجے ایک خوفناک سڑک حادثے میں چار نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹریلر کے پچھلے حصے میں جا گھسی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار افراد کو نکالنے کے لیے گیس کٹر کا استعمال کرنا پڑا۔ مرنے والوں میں جھارکھنڈ حکومت کی دیہی ترقی کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ کی بیٹی ترشا سنگھ کے علاوہ سارتھک اگروال، نمن گپتا اور ونشیکا کھنڈیلوال شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق کار نمبر JH05 DS 6450 میرین ڈرائیو سے گزر رہی تھی۔ دوموہانی کے قریب سڑک پر خراب حالت میں کھڑے ٹریلر نمبر JH02T 3971 کے پچھلے حصے سے کار بے قابو ہوکر ٹکرا گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ٹریلر بدھ کی رات تقریباً 10 بجے خراب ہونے کے بعد سے سڑک پر کھڑا تھا۔ حادثے کے وقت وہاں مناسب روشنی اور حفاظتی اشاروں کی موجودگی کے معاملے کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سی سی آر منوج ٹھاکر، سوناری تھانہ انچارج سنجے سمن سمیت پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ کار ٹریلر میں بری طرح پھنس گئی تھی، جس کی وجہ سے امدادی ٹیم کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ گیس کٹر سے کار کو کاٹ کر چاروں لاشوں کو باہر نکالا گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ لاشیں بھی بری طرح متاثر ہوئی تھیں۔ پولیس نے حادثے کا شکار کار اور ٹریلر کو قبضے میں لے لیا ہے۔
سب ڈویژنل افسر ارنو مشرا نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کار تیز رفتاری سے چل رہی تھی اور سڑک پر کھڑے ٹریلر سے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ پولیس حادثے کی وجوہات کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے۔ سڑک پر کھڑے خراب گاڑی کے پیچھے حفاظتی اشاروں، وارننگ سسٹم اور روشنی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حادثے کی خبر ملتے ہی مرنے والوں کے اہل خانہ جائے وقوعہ اور ایم جی ایم میڈیکل کالج اسپتال پہنچنے لگے۔ اسپتال احاطے میں اہل خانہ کی چیخ و پکار سے ماحول سوگوار ہوگیا۔ وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ کے خاندان میں بھی حادثے کی خبر سے غم کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے چاروں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ایم جی ایم میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ