
ٹینک بنڈ پر ہٹ اینڈ رن، گنیش وسرجن ڈیوٹی پر تعینات ایس آئی ہلاکحیدرآباد، 24 ستمبر (ہ س)۔ ٹینک بنڈ پر گنیش وسرجن کے انتظامات کے لیے ڈیوٹی انجام دے رہے ایک پولیس سب انسپکٹر ہٹ اینڈ رن حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد علاج کے دوران جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق سب انسپکٹر کی شناخت کے. وینکنہ (55) کے طور پر ہوئی ہے، جو کوتہ گوڑم ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن سے وابستہ تھے۔ وہ ٹینک بنڈ کے کرین نمبر 2 کے قریب گنیش وسرجن کے انتظامات کے سلسلے میں ڈیوٹی پر تعینات تھے۔
اطلاعات کے مطابق ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے وینکنہ کو ٹکر مار دی اورحادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔حادثے میں سب انسپکٹر کو شدید چوٹیں آئیں،جس کے بعدانہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیاگیا۔ وینکنہ ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے، تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکے۔
واقعہ کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس علاقے میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کاجائزہ لے رہی ہے تاکہ ٹکر مار کر فرار ہونے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت کی جاسکے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گنیش وسرجن کے موقع پر ٹینک بنڈ اوراطراف کے علاقوں میں پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے جارہے تھے۔ پولیس حادثے کی مکمل تفصیلات اور فرار ہونے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات کررہی ہے۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق