
بھوپال، 20 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اعلان کیا کہ نیمچ میں جلد ہی ایئرپورٹ تعمیر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی کھیلوں کی سہولیات میں توسیع کے لیے تمام سہولیات سے آراستہ اسٹیڈیم بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران ایک لاکھ سے زائد بھرتیاں کی گئی ہیں۔ آئندہ ڈھائی برسوں میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد مزید بھرتیاں کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کے روز نیمچ کے اگروہا بھون میں منعقدہ ’سیوا سے سنکلپ مہم‘ کے استقبالیہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی میں خدمت کے 25 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے میں ان کے تعاون کا ذکر کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 17 ستمبر سے 17 اکتوبر تک ریاست میں ’سیوا سے سنکلپ مہم‘ چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے تحت تمام اضلاع میں خدمت، عوامی شراکت داری اور فلاحِ عامہ سے متعلق مختلف سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزم و ارادے (سنکلپ) سے ہی طاقت اور ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ ریاستی حکومت اسی جذبے کے ساتھ مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے نیمچ کی ترقی، شہریوں کے مجاہدانہ جذبے اور کاروباری صلاحیتوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کو منعقدہ ’آشیرواد کا دیا‘ پروگرام سناتن روایت اور ہندوستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش کا تعلیمی بجٹ تقریباً پانچ ہزار کروڑ روپے سے بڑھ کر 38 ہزار کروڑ روپے نیز ریاست کا کل بجٹ بڑھ کر 4 لاکھ 48 ہزار کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ انہوں نے ریاست میں ابتدائی تعلیم کے شعبے میں ڈراپ آؤٹ ریٹ صفر ہونے کو اہم کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی فی کس آمدنی ایک لاکھ 70 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ بجلی کی پیداوار 32 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ سال 2002 میں ریاست میں تقریباً 5 میڈیکل کالجز تھے، جبکہ فی الوقت 33 میڈیکل کالجز فعال ہیں، جن میں تقریباً 8 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ برسوں کے دوران 5 لاکھ کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر عمل میں آئی ہے اور اہم شہروں کے باہمی رابطے کو ایکسپریس ویز کے ذریعے بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سہولیات میں توسیع سے ضلع کے نوجوانوں اور باصلاحیت افراد کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج چیتا پروجیکٹ کے تحت نیمچ کے کھملا علاقے میں مادہ چیتا کو چھوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسے ضلع کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش جنگلی حیات اور ماحولیاتی تحفظ کے میدان میں مسلسل کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے صفِ اول کے ممالک کی قطار میں شامل ہے اور سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور عدلیہ نیز آئینی ادارے جمہوری نظام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تجارت اور معاہدات میں ہندوستان نے اپنے قومی مفادات اور کسانوں کے مفادات کو ترجیح دی ہے۔ برکس چوٹی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا عالمی کردار مسلسل مستحکم ہوا ہے اور ملک بڑی معیشتوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھ رہا ہے۔
پروگرام میں رکن اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار، انیرودھ مادھو مارو، میونسپل کونسل صدر سواتی چوپڑا اور وندن کھنڈیل وال نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سیوا سے سنکلپ مہم کے تحت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کو اسنادِ توصیف دے کر عزت افزائی کی۔ انہوں نے مہم میں شریک شہریوں، عوامی نمائندوں، افسران و ملازمین اور مختلف تنظیموں کے کردار کو سراہا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن