ترقی اور امکانات کی نئی راہ پر چھتیس گڑھ: نائب صدر
ایمس رائے پور کی تیسری تقسیمِ اسناد تقریب میں ہونہار طلبہ گولڈ میڈل سے سر فراز رائے پور، 2 ستمبر (ہ س)۔ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے رائے پور میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کی تیسری تقسیمِ اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا
ترقی اور امکانات کی نئی راہ پر چھتیس گڑھ: نائب صدر


ایمس رائے پور کی تیسری تقسیمِ اسناد تقریب میں ہونہار طلبہ گولڈ میڈل سے سر فراز

رائے پور، 2 ستمبر (ہ س)۔

نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے رائے پور میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کی تیسری تقسیمِ اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھتیس گڑھ نکسل ازم، خوف اور محرومی کے سائے سے نکل کر آج امن، ترقی اور مواقع کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ جو علاقے کبھی تشدد کے لیے جانے جاتے تھے، وہاں آج سڑکیں، اسکول، اسپتال، رابطے کی سہولتیں اور سرمایہ کاری پہنچ رہی ہیں۔

نائب صدر نے ایمس رائے پور کو ریاست میں صحت کی خدمات میں تاریخی تبدیلی کی ایک اہم علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی سہولیات، طبی تحقیق اور اعضا کی پیوند کاری کے شعبے میں ادارے کی کامیابیاں قابلِ تعریف ہیں، جن میں ریاست کا پہلا ’سواپ کڈنی ٹرانسپلانٹ‘ بھی شامل ہے۔

تقریب کے دوران نائب صدر نے مختلف شعبوں کے ہونہار طلبہ و طالبات کو ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی کے لیے طلائی تمغے اور اسناد دے کر اعزاز سے نوازا۔ وسطی ہندوستان کے اس ممتاز ادارے میں منعقدہ تقریب میں انڈر گریجویٹ (یو جی)، پوسٹ گریجویٹ (پی جی)، سپر اسپیشلٹی، ڈاکٹریٹ اور متعلقہ شعبہ صحت کے کورسز کے کل 689 طلبہ، جن میں 376 طالبات اور 313 طلبہ شامل تھے، کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔

تقسیمِ اسناد تقریب کی خاص باتوں میں ’منشیات کو کہیں نا‘ کے عہد کا پروگرام بھی شامل تھا۔ اس کے تحت تمام موجود طلبہ کو خود نشہ آور اشیا کے استعمال سے دور رہنے اور اپنے ساتھیوں اور معاشرے میں اس کے مضر اثرات اور خطرات کے بارے میں وسیع پیمانے پر بیداری پھیلانے کا عہد دلایا گیا۔

اس موقع پر چھتیس گڑھ کے گورنر رمن ڈیکا، مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود انوپریہ پٹیل، ریاست کے وزیر صحت شیام بہاری جیسوال اور رائے پور کے رکن پارلیمنٹ برج موہن اگروال موجود تھے۔ وہیں ایمس رائے پور کی جانب سے چیئرمین پروفیسر (ڈاکٹر) سنجیو ہانڈا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل اشوک جندل بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande