ماروتی سوزوکی کا مالی سال 2026-27 میں 10 لاکھ گرین گاڑیاں فروخت کرنے کا ہدف
نئی دہلی، 19 ستمبر (ہ س)۔ کار ساز کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ (ایم ایس آئی ایل) نے رواں مالی سال 2026-27 میں سی این جی، ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں سمیت 10 لاکھ گرین گاڑیاں فروخت کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ایم ایس آئی ایل نے ہفتہ کے روز جاری ایک بیا
ماروتی سوزوکی کا مالی سال 2026-27 میں 10 لاکھ گرین گاڑیاں فروخت کرنے کا ہدف


نئی دہلی، 19 ستمبر (ہ س)۔ کار ساز کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ (ایم ایس آئی ایل) نے رواں مالی سال 2026-27 میں سی این جی، ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں سمیت 10 لاکھ گرین گاڑیاں فروخت کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ایم ایس آئی ایل نے ہفتہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ خام تیل کی بڑھتی قیمتوں اور سی این جی گاڑیوں میں آٹومیٹک ٹرانسمیشن متعارف کرائے جانے سے کمپنی کو یہ ہدف حاصل کرنے میں مدد ملنے کی امید ہے۔ کمپنی نے جمعہ کو اپنے ’آٹو گرین مشن‘ کے تحت اپنی مقبول کاروں سوئفٹ، ڈیزائر اور بالینو کے آٹومیٹک ایس-سی این جی ویرینٹ بھی لانچ کیے ہیں۔

کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو آفیسر (مارکیٹنگ و سیلز) پارتھو بنرجی نے بتایا کہ سی این جی زمرے میں تقریباً 70 فیصد مارکیٹ شیئر رکھنے والی ماروتی سوزوکی کو پہلے رواں مالی سال میں 8 سے 9 لاکھ گرین گاڑیاں فروخت ہونے کی توقع تھی، تاہم آٹومیٹک ٹرانسمیشن والے نئے ماڈلز متعارف کرائے جانے کے بعد کمپنی نے اپنا فروخت کا تخمینہ بڑھا کر تقریباً 10 لاکھ گاڑیوں تک کر دیا ہے۔بنرجی نے کہا کہ سی این جی ماڈلز پہلے پیٹرول سے چلنے والی آٹومیٹک گاڑیوں کے مقابلے میں پیچھے رہ جاتے تھے، کیونکہ ان میں آٹومیٹک ٹرانسمیشن کا آپشن دستیاب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ گرین گاڑیاں ماحول دوست گاڑیاں ہوتی ہیں، جو روایتی پیٹرول یا ڈیزل گاڑیوں کے مقابلے میں بہت کم یا صفر آلودگی پیدا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوئفٹ، ڈیزائر اور بالینو کے نئے آٹومیٹک ایس-سی این جی ماڈلز نئی نسل کے ان صارفین کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے گئے ہیں جو کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے۔ یہ صارفین سی این جی کے کم آپریٹنگ اخراجات کا فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، لیکن آٹومیٹک گاڑی کی سہولت سے بھی محروم نہیں ہونا چاہتے۔بنرجی نے بتایا کہ ماروتی سوزوکی سی این جی زمرے میں اپنی مضبوط پوزیشن کی بنیاد پر 10 لاکھ گاڑیوں کی فروخت کے ہدف کی جانب بڑھ رہی ہے۔ کمپنی فی الحال ہر ماہ تقریباً 80 ہزار سی این جی گاڑیاں فروخت کر رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande