
نئی دہلی ،18ستمبر (ہ س )۔
گزشتہ شب جامعہ رحمانی مونگیر کے دفتر اصلاح معاشرہ میں اساتذہ جامعہ رحمانی پر مشتمل ایک شاندار شعری نشست منعقد ہوئی۔ بعد نماز عشاء مولانا محمد ارباز ندوی کی تلاوت کلام اللہ کے ذریعہ اس تقریب کا آغاز ہوا، جس کی صدارت جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے استاذ حدیث و فقہ و نائب ناظم تعلیمات برائے امور طلبہ جناب مولانا سیف الرحمن سیف ندوی نے کی اور مولانا مفتی نشاط احمد قاسمی ندوی مشرف و استاذ دارالحکمت جامعہ رحمانی مونگیر نے اپنی خوب صورت آواز میں نعتیہ کلام پیش کر کے محفل کو زینت بخشی۔ نعتیہ کلام کے بعد سب سے پہلے مولانا محمد شاہد سنگار پوری (رکن فکر و نظر ٹی وی و استاذ جامعہ رحمانی مونگیر ) نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین سے داد و تحسین وصول کی۔ پھر جامعہ رحمانی کے استاذ مولانا محمد مزمل رحمانی نے سادگی کے ساتھ اپنا کلام پیش کیا جس سے سامعین خوب محظوظ ہوئے۔ اس کے بعد ریسرچ ٹیم امارت شرعیہ کے رکن ڈاکٹر حفظ الرحمٰن حفیظ نے اپنا کلام پیش کیا جو نہایت ہی عمدہ تھا ، پھر جامعہ رحمانی کے استاذ فقہ و فلسفہ و عربی زبان و ادب مفتی زبیر احمد قاسمی ثانی نے اپنا کلام پیش کیا جسے سامعین نے بھرپور پزیرائی سے نوازا، اور چھوٹی بحر میں عمدہ کلام پر سراہا۔ بعد ازاں، جامعہ رحمانی کے استاذ اور امارت شرعیہ کی ریسرچ ٹیم کے ذمہ دار مفتی قیام الدین قاسمی(کاوش سیتامڑھی) نے اپنا کلام پیش کیا، جو بہت ہی معنی خیز اور سنجیدہ تھا۔ اخیر میں اس ادبی و شعری نشست کے صدر نے اپنا کلام پیش کیا جس سے سامعین کافی متاثر ہوئے۔ بزم کے اختتام سے قبل تمام شرکاءکے اتفاق سے ایک شعری و ادبی بزم بنام بزم کلیم عاجز کا قیام عمل میں آیا اور یہ طے پایا کہ ہر ماہ اس بزم کے تحت ایک شعری نشست کا انعقاد ہوگا ان شاء اللہ۔
حاضرین میں جامعہ رحمانی کے چند معزز و مو¿قر اساتذہ کرام جناب مولانا مفتی شمشیر حیدر قاسمی، مولانا رستم رحمانی، مولانا عبد الاحد رحمانی ازہری، مولانا عبد العلیم رحمانی ازہری، مولانا محمد مشاہد حسین ندوی، مولانا محمد اکرام الدین قاسمی، مولانا محمد راغب رحمانی، مولانا محمد اوصاف اشاعتی اور مولانا نہال رحمانی وغیرہ شریک رہے، اختتام پر نشست کے کنوینر مفتی قیام الدین قاسمی نے تمام شعرائ و حاضرین کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
پسندیدہ اشعار نذر قارئین ہے:
چھپر کے نیچے چین سے سوتے ہیں ہم غریب
محلوں میں تو سکون سے عاری ہے زندگی
سیف سہرساوی
وہ ہے خفا تو سارا جہاں مجھ سے ہے خفا
اس کی رضا پہ گزرے تو انعام زندگی
قیام الدین کاوش سیتامڑھی
دلکش و دلچسپ اور مشکل طلب
تیرے جیسی ہو بہو ہے زندگی
ثانی ارریاوی
وجود زندگی ایسا معمہ ہے مرے یارو!
نہیں سلجھا سکا کوئی ارسطو ہو کہ افلاطوں
حفظ الرحمن حفیظ
بجھی پیاس علم و ادب کی ہماری
وہ بحر معانی معظم ہمارے
مزمل بھاگل پوری
ہر ستم سہنے والا غریب آدمی
ہر زمانے میں تھا ہر زمانے میں ہے
شاہد سنگار پوری شاہد
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais