
نئی دہلی، 17 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور ہوابازی ایندھن (اے ٹی ایف) کی برآمد پر غیر متوقع منافع ٹیکس (ونڈ فال ٹیکس) میں کٹوتی کی ہے۔ نئی شرحیں نافذ ہو گئی ہیں۔
وزارت خزانہ نے جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ 16 ستمبر سے شروع ہونے والے پکھواڑے کے لیے پیٹرول، ڈیزل اور ہوائی جہاز میں استعمال ہونے والے ایندھن (اے ٹی ایف) کی برآمد پر غیر متوقع منافع ٹیکس (ونڈ فال ٹیکس) میں تخفیف کی گئی ہے۔ فیس کی نئی شرحیں نافذ العمل ہو چکی ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی برآمد پر سڑک اور بنیادی ڈھانچہ سیس سمیت خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی (ایس اے ای ڈی) کی شرح اب 25 روپے سے گھٹا کر 20 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ وہیں، ہوابازی ایندھن (اے ٹی ایف) کی برآمد پر ایس اے ای ڈی 19 روپے سے کم کر کے 15 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح پیٹرول کی برآمد پر ڈیوٹی گھٹا کر 0.5 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جو پچھلے پکھواڑے میں 1.5 روپے فی لیٹر تھی۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ گھریلو کھپت والے پیٹرول اور ڈیزل پر موجودہ ڈیوٹی کی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان مرکزی حکومت نے 27 مارچ، 2026 کو ڈیزل اور اے ٹی ایف کی برآمد پر ڈیوٹی عائد کی تھی۔ ان ونڈ فال شرحوں میں ہر پندرہ دن بعد نظر ثانی کی جاتی ہے۔ پیٹرول کی برآمد پر بھی 16 مئی سے یہ ڈیوٹی نافذ کی گئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن