
جموں, 15 ستمبر (ہ س)جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع کے مجالتہ علاقے میں رات کے گشت کے دوران ویلیج ڈیفنس گارڈ کے ایک رکن کی بندوق اچانک چل گئی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔حکام کے مطابق زخمی وی ڈی جی رکن کی شناخت پرشوتم لال کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنے آبائی گاؤں چورے پنجیاں کی حفاظت کے لیے تعینات رات کی گشت پارٹی میں شامل تھا۔ گشت کے دوران اس کا ہتھیار اچانک چل گیا اور گولی اس کے پیٹ میں لگی۔
واقعے کے فوراً بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت مستحکم بتائی ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے بریٹل-کھوبن اور ملحقہ علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد مجالتہ کے جنگلات میں گشت اور علاقے میں نگرانی کی کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے جنگلاتی علاقوں میں تلاشی اور نگرانی جاری ہے، تاہم اب تک مشتبہ افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر