
23 موبائل فون، 37 سم کارڈ، 11 اے ٹی ایم کارڈ، لیپ ٹاپ، پاس ب±ک اور الیکٹرانک آلات ضبط؛ ہر ماہ 7 سے 8 کروڑ روپے کے لین دین کا اندازہ
بھوپال، 14 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کی گوالیار پولیس نے سائبر جرائم، آن لائن سٹہ، آن لائن گیملنگ اور بینک کھاتوں کی خرید و فروخت سے وابستہ ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ونڈسر ہلز میں واقع کرائے کے ایک ڈوپلیکس سے چلائے جا رہے اس نیٹ ورک کے قبضے سے 23 موبائل فون، 37 سم کارڈ، 11 اے ٹی ایم کارڈ، تین لیپ ٹاپ، چھ پاس ب±ک سمیت دیگر الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے ہیں۔
پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب سے پیر کو دی گئی اطلاع کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں اس نیٹ ورک کے ذریعے ہر ماہ تقریباً 7 سے 8 کروڑ روپے اور سالانہ تقریباً 100 کروڑ روپے کے مالی لین دین کا اندازہ سامنے آیا ہے۔ یہ بھی معلومات ملی ہیں کہ ملزمان دبئی اور سری لنکا سے وابستہ نیٹ ورک کے رابطے میں تھے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سجول جگا نے بتایا کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دھرم ویر سنگھ کی ہدایت پر سائبر جرائم اور سائبر فراڈ میں بینک کھاتوں کا استعمال کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں 12 ستمبر کو سائبر کرائم ونگ کو اطلاع ملی تھی کہ ونڈسر ہلز کے ایک ڈوپلیکس میں آن لائن سٹہ، بینک کھاتوں کی خرید و فروخت اور آن لائن گیملنگ چلائی جا رہی ہے۔
اطلاع کی تصدیق کے بعد پولیس ٹیم نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ اور ابتدائی تفتیش میں ان کے مذکورہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بات سامنے آئی۔ ملزمان کے خلاف گوالیار کرائم برانچ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ