
ڈھاکہ، 13 ستمبر (ہ س): بنگلہ دیش کے چاپائی نواب گنج صدر اپ ضلع میں پدما ندی میں کشتی الٹنے سے ڈوب رہے 10 افراد کو بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے بچا لیا۔ یہ تمام افراد بھارتی علاقے میں بحفاظت موجود ہیں۔ بی ایس ایف نے اس کی باضابطہ اطلاع بنگلہ دیش کو دے دی ہے۔ بنگلہ دیش نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ڈھاکہ ٹریبیون اخبار کی رپورٹ کے مطابق، ہفتہ کی دوپہر پدما ندی میں 12 مسافروں کو لے جانے والی کشتی کے الٹنے کے بعد بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوانوں نے 10 بنگلہ دیشی شہریوں کو بچایا۔ ایک مسافر تیر کر بنگلہ دیشی علاقے میں واپس پہنچنے میں کامیاب رہا، جبکہ ایک دیگر شخص اب بھی لاپتہ ہے۔
پولیس اور مقامی لوگوں نے بتایا کہ 12 مسافروں کو لے جانے والی کشتی شام تقریباً 5 بجے بکھریلی گھاٹ سے جوہوپورٹیک کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ سفر شروع ہونے کے تقریباً 20 منٹ بعد تیز ہواؤں اور ندی کی تیز لہروں کے باعث کشتی الٹ گئی۔ کھنڈوا بی ایس ایف کیمپ کے گشت پر موجود جوانوں نے ندی سے 10 مسافروں کو بچایا اور انہیں بھارتی علاقے میں لے آئے۔
وسیم نامی 25 سالہ مسافر تیر کر بنگلہ دیشی کنارے تک پہنچنے میں کامیاب رہا، جبکہ مصطفیٰ نامی ایک شخص اب بھی لاپتہ ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر سروس کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے۔ بی ایس ایف نے 10 بنگلہ دیشی شہریوں کو بچانے کے بارے میں بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کو باضابطہ طور پر مطلع کیا۔ 53 بی جی بی بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل قاضی مصطفیزور رحمان نے کہا، بچائے گئے 10 بنگلہ دیشیوں کو واپس بنگلہ دیش لانے کا عمل جاری ہے۔ لاپتہ مصطفیٰ کی تلاش بھی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد