متوازن عالمی نظام کی تشکیل میں برکس کے ذریعے موثر کردار ادا کرے بھارت: کانگریس
نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س): ۔ کانگریس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے دوران عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان بھارت کے سفارتی کردار اور اس پر اعتماد کو مضبوط بنانے کی سمت میں ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ پارٹی نے کہا کہ بھارت ک
متوازن عالمی نظام کی تشکیل میں برکس کے ذریعے مو¿ثر کردار ادا کرے بھارت: کانگریس


نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س): ۔

کانگریس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے دوران عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان بھارت کے سفارتی کردار اور اس پر اعتماد کو مضبوط بنانے کی سمت میں ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ پارٹی نے کہا کہ بھارت کو برکس کے ذریعے ایک مساوی اور متوازن عالمی نظام کی تشکیل میں موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

سابق وزیر خارجہ اور کانگریس کے شعبہ خارجہ امور کے سربراہ سلمان خورشید نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ بھارت کو برکس کے اندر اخلاقی قیادت اور اسٹریٹجک وضاحت کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ قومی مفادات کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ اسے قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظام، خودمختار مساوات، پُرامن بقائے باہمی اور انسانی وقار کے اصولوں کو بھی ترجیح دینی چاہیے۔

خورشید نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جس طرح بھارت کو عالمی جنوب کی آواز بنانے کی بات دہراتے رہے ہیں، اسے مسلسل اور موثر عملی اقدامات سے جوڑا جانا چاہیے۔ حکومت کو ایران پر ہونے والے حملوں کے معاملے میں بھارت کے مبینہ موقف، مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے دوران بھارت کے محدود سفارتی کردار اور جنوبی افریقہ پر سفارتی دباو کے وقت مناسب حمایت نہ دینے جیسے معاملات پر خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں۔

پارٹی نے کہا کہ عالمی جنوب کے شراکت داروں کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے حکومت کو یہ ثابت کرنا چاہیے کہ بحران کے وقت بھی بھارت ایک قابلِ اعتماد اور تعمیری شراکت دار ہے۔

کانگریس نے برکس ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بھارت کے لیے زیادہ توازن کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پارٹی کے شعبہ خارجہ امور نے کہا کہ عالمی اشیائی تجارت میں برکس ممالک کا حصہ 19.6 فیصد ہے، لیکن برکس کے ساتھ بھارت کے تجارتی تعلقات کافی غیر متوازن ہیں۔ حکومت کو برکس کی صدارت کا استعمال بھارتی اشیا اور خدمات کے لیے بہتر منڈی تک رسائی یقینی بنانے، غیر محصولاتی رکاوٹیں دور کرنے اور بھارتی کمپنیوں کے لیے منصفانہ اور پیش گوئی کے قابل کاروباری حالات پیدا کرنے کے لیے کرنا چاہیے۔

کانگریس نے سپلائی چین کو محفوظ بنانے اور جامع رابطہ نظام تیار کرنے کے لیے بھی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پارٹی نے 2014 میں قائم کیے گئے ہنگامی ریزرو نظام کو مو¿ثر بنانے کی سمت میں کام کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے کہا کہ بھارت نے اس نظام کے لیے 18 ارب امریکی ڈالر کی رقم فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پارٹی نے 2021 میں بھارت کی صدارت میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس میں کیے گئے وعدوں کو آگے بڑھانے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت کی دعویداری کے لیے مضبوط حمایت یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

کانگریس نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم نریندر مودی برکس سربراہی اجلاس میں ہونے والی بات چیت اور لیے گئے فیصلوں کے بارے میں ملک کو آگاہ کرنے کے لیے ایک پریس کانفرنس کریں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande