
رائے بریلی، 10 ستمبر (ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع رائے بریلی میں جے پرکاش نارائن سروودے آشرم پدھتی ودیالیہ کے طلبہ بدھ کی دیر رات اپنے مسائل کے حل کے لیے سڑک پر نکل آئے۔ اسکول کے خستہ حال انتظامات سے ناراض طلبہ تقریباً 3 کلومیٹر پیدل چل کر شہر پہنچے اور مظاہرہ شروع کر دیا۔ تاہم افسران نے طلبہ کو سمجھا بجھا کر واپس بھیج دیا۔
ضلع کے بچھراواں میں واقع جے پرکاش نارائن سروودے آشرم پدھتی ودیالیہ کے طلبہ بدھ کی دیر رات اپنے مطالبات کے لیے سڑک پر احتجاج کرنے اترے۔ طلبہ رائے بریلی جا کر ڈی ایم سے ملنا چاہتے تھے۔ طلبہ کا الزام ہے کہ اسکول میں بجلی اور پانی کے مسئلے سے لے کر کھانے کے غیر معیاری ہونے، کتابوں اور اساتذہ کی کمی تک متعدد پریشانیاں ہیں، لیکن ان کی شکایات پر کوئی سنوائی نہیں ہو رہی۔ مظاہرے کے دوران کئی طلبہ پسینے سے شرابور اور غصے میں نظر آئے۔ افسران کی آمد کے بعد طلبہ دھرنے پر بیٹھ گئے اور اپنے مسائل بتائے۔
مظاہرہ کر رہے طلبہ نے اسکول کے پرنسپل اودھیش کمار یادو پر شکایات کو سنجیدگی سے نہیں لینے کا الزام لگایا۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ اسکول کے مسائل کو لے کر کئی بار شکایت کر چکے ہیں، لیکن ان کی باتوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ اسکول میں ملنے والے کھانے میں مسلسل کیڑے نکلتے ہیں، اسکول میں مناسب کتابیں دستیاب نہیں ہیں اور اساتذہ کی بھی کمی ہے۔ ایسی صورت میں باقاعدہ پڑھائی متاثر ہو رہی ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ اسکول میں پڑھائی کے لیے درکار ضروری وسائل اور خاطر خواہ اساتذہ ہی موجود نہیں ہیں۔ طلبہ کے مطابق اسکول میں سولر پینل لگائے گئے ہیں، لیکن وہ خراب پڑے ہیں۔ بجلی نہیں ہونے کی صورت میں اسکول کی پڑھائی متاثر ہوتی ہے۔
اسکول کے پرنسپل اودھیش یادو کے مطابق کچھ مسائل ہیں جن کا جلد ازالہ کر دیا جائے گا۔ مہاراج گنج کے ایس ڈی ایم چندر پرکاش گوتم نے بتایا کہ طلبہ کے مسائل کا نوٹس لے کر کارروائی کی جا رہی ہے، تمام طلبہ مطمئن ہو کر اسکول واپس چلے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن