
نئی دہلی، یکم ستمبر (ہ س)۔ ہندوستان میں روسی فیڈریشن کے سفیر ڈینس علی پوف نے منگل کو بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر نتن نوین سے ملاقات کی۔
میٹنگ کے دوران، دیرینہ اور وقت کی آزمائش میں کھرے اترنے والے ہندوستان-روس تعلقات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوین نے وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان مضبوط ذاتی سمجھ بوجھ اور اعتماد کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماوں کے درمیان اعلیٰ سطح کی باقاعدہ بات چیت نے دو طرفہ تعلقات کو مسلسل رفتار فراہم کی ہے۔ انہوں نے سفیر علی پوف کی ہندوستان کے ساتھ طویل وابستگی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کی بھی تعریف کی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان حالیہ ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوین نے ہندوستان اور روس کے تعلقات کی مسلسل مضبوطی کی امید ظاہر کی اور آنے والی برکس چوٹی کانفرنس سمیت مستقبل کی اعلیٰ سطحی میٹنگوں کے تئیں توقعات کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے ہندوستان-روس تعلقات کی ایک پائیدار بنیاد کے طور پر عوام سے عوام کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر علی پوف نے روس میں ہنر مند ہندوستانی پیشہ ور افراد کے تعاون کے بڑھتے ہوئے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔
نوین نے بی جے پی کے تنظیمی سفر، زمینی سطح پر ڈھانچے اور کام کاج کا بھی تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے پارٹی کے وسیع ممبران اور ورکرز نیٹ ورک، اس کے مختلف محاذوں اور محکموں، اس کی حال ہی میں تشکیل دی گئی قومی ٹیم، اور انتخابات کے بعد مسلسل تنظیمی سرگرمیوں پر خصوصی زور دینے کے بارے میں بات کی۔
سفیر علی پوف نے نوین اور بی جے پی کو آسام اور مغربی بنگال میں حالیہ انتخابی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ انہوں نے بی جے پی کی تنظیمی طاقت اور نچلی سطح پر مضبوط موجودگی کی ستائش کی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے من کی بات پروگرام کی بھی تعریف کی اور اسے ملک بھر کے لوگوں کے ساتھ براہ راست اور باقاعدہ رابطہ قائم رکھنے کے لیے ایک منفرد پہل قرار دیا۔
دونوں فریقوں نے 2027 میں ہندوستان اور روس کے سفارتی تعلقات کی 80 ویں سالگرہ کو ایک اہم سنگ میل کے طور پربیان کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ موقع دو طرفہ تعاون خاص طور پر ثقافتی، تعلیمی اور عوام کے درمیان تعلقات میںکو مزید گہرا کرنے کے نئے مواقع فراہم کرے گا ۔
اس میٹنگ میں بی جے پی کے فارن ڈپارٹمنٹ کے انچارج ڈاکٹر وجے چوتھائی والے بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد