
حکومت مرحلہ وار طریقے سے بفر اسٹاک سے پیاز کی سپلائی کر رہی ہے
نئی دہلی، یکم ستمبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے پیاز کی بڑھتی قیمت پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ حکومت نے ناسک سے کندا ایکسپریس کے ذریعے پہنچنے والے پیاز کے بفر اسٹاک کو مرحلہ وار طور پر جاری کرنا شروع کر دیا ہے۔ ملک کے 19 بڑے شہروں میں پیاز 35 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔
صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے اور تہوار کے موسم سے پہلے دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے، حکومت نے مرحلہ وار طریقے سے پیاز کو بفر اسٹاک سے نکالنا شروع کر دیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ ملک میں پیاز کی مناسب دستیابی ہے اور موسمی قیمتوں کے دباو¿ کو سنبھالنے کے لیے 'کندا ایکسپریس' اور روڈ ٹرانسپورٹ کے ذریعے بفر اسٹاک سے پیاز کی رہائی مرحلہ وار اور ہدف کے طور پر شروع کی گئی ہے۔ پیاز کی وسیع تر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے، 30 سے زائد ٹرک روانہ کیے گئے ہیں، جس سے 19 شہروں میں خوردہ مارکیٹ کی مداخلت کی کوششوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وزارت نے کہا کہ قیمت استحکام فنڈ (پی ایس ایف) کے تحت رکھے گئے پیاز کے بفر اسٹاک سے سپلائی 24 اگست سے نیشنل ایگریکلچرل کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این اے ایف ای ڈی) اور نیشنل کوآپریٹو کنزیومر فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این سی سی ایف) کے ذریعے شروع ہوئی۔ کندا ایکسپریس کی دو کھیپیں ناسک سے روانہ کی گئیں۔ 450 میٹرک ٹن پیاز کی پہلی کھیپ 27 اگست کو دیر سے نئی دہلی پہنچی۔ اس میں سے 140 میٹرک ٹن وارانسی، لکھنو¿، چندی گڑھ اور امرتسر میں تقسیم کیا گیا، جبکہ بقیہ دہلی-این سی آر خطے میں تقسیم کیا گیا۔ دوسری ٹرین 840 میٹرک ٹن پیاز لے کر 31 اگست کو چنئی پہنچی۔
1,000 میٹرک ٹن پیاز سڑک کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ کے موجودہ حالات اور قیمت کے رجحانات کی بنیاد پر، تقریباً 1,000 میٹرک ٹن پیاز کو سڑک کے ذریعے بڑے کھپت کے مراکز تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ دستیابی کو بہتر بنایا جا سکے اور موسمی قیمت کے دباو¿ کو کم کیا جا سکے۔ پیاز کی وسیع تر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے خوردہ فروخت کو 19 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے، جس میں نقل و حمل کے لیے 30 سے زیادہ ٹرک تعینات کیے گئے ہیں۔
وزارت کے مطابق، ان شہروں میں نئی دہلی، جے پور، جموں، دہرادون، شملہ، امرتسر، چندی گڑھ، کولکتہ، گوہاٹی، لکھنو¿، وارانسی، پٹنہ، بھوجپور (بہار)، بہار شریف (بہار)، بھونیشور، چنئی، مدورائی، تھریسور اور کوچی شامل ہیں۔ صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے وزیر مملکت بی ایل ورما نے بھی لکھنو¿ میں خوردہ پہل کا آغاز کیا۔
پرچون میں پیاز 35 روپے فی کلو دستیاب ہے
امور صارفین کی وزارت نے کہا کہ این سی سی ایف، این اے ایف ای ڈی، کیندریہ بھنڈار آو¿ٹ لیٹس اور موبائل وین کے ذریعے پیاز کی خوردہ فروخت 35 روپے فی کلو کے حساب سے جاری ہے، اس طرح صارفین کو سستی قیمتوں پر پیاز دستیاب ہو رہی ہے۔ اب تک، تقریباً 669 میٹرک ٹن پیاز فروخت ہو چکی ہے، جس میں سے 223 میٹرک ٹن ہول سیل چینلز کے ذریعے اور 446 میٹرک ٹن خوردہ دکانوں کے ذریعے ملک بھر میں منڈی کی مروجہ قیمتوں پر e-NAM پورٹل اور اسی طرح کے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت کی گئی ہے۔
دستیابی میں اضافہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں معاون
وارانسی، امرتسر، نئی دہلی اور آس پاس کے بازاروں میں بفر اسٹاک سے پیاز کی سپلائی شروع ہونے سے مارکیٹ کی دستیابی میں اضافہ ہوا ہے اور قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ فروخت شروع ہونے کے اگلے دن سے قیمتوں میں کمی آئی ہے، اور سپلائی بڑھنے کے ساتھ ہی قیمتیں مستحکم ہونے کی توقع ہے۔
کسانوں کو وقت پر براہ راست ادائیگیاں کی جا رہی ہیں
وزارت نے کہا کہ تقریباً 3,400 کسانوں کو 210 کروڑ روپے کی براہ راست ادائیگی کی گئی ہے، جس سے بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مرکزی حکومت پیاز کے کسانوں کی مدد کرنے اور صارفین کے لیے مناسب اور سستی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت نے ٹرینوں کے ذریعے بڑی مقدار میں پیاز کی نقل و حمل اور سپلائی کے دوران سخت حفاظتی اقدامات بھی نافذ کیے ہیں۔
صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت نے کہا کہ تمل ناڈو حکومت عوامی تقسیم کے نظام (پی ڈی ایس) کے ذریعے ایک کلو فی کارڈ کی شرح سے ضرورت کے مطابق پیاز تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مجوزہ ضلع وار کلسٹرنگ کے مطابق تمل ناڈو کے مختلف اضلاع میں پیاز کی تقسیم شروع ہونے کا امکان ہے۔ وزارت نے کہا کہ بڑے کھپت کے مراکز کو پیاز کے بفر سٹاک کی منظم سپلائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس کے لیے ٹرینوں کا ہائبرڈ ماڈل (کندا ایکسپریس) اور روڈ ٹرانسپورٹ اپنایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد پیاز کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانا اور موسمی قیمت کے دباو¿ کو کم کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی