
کٹھمنڈو، یکم ستمبر (ہ س)۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھنے کے پیشِ نظر چین نے نیپال کے ساتھ اپنے اہم تجارتی سرحدی ناکوں رسواگڑھی اور تاتوپانی کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔
بھوٹے کوشی ندی میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے رسواگڑھی سرحدی ناکے کے تیمورے بازار، کسٹم آفس اور امیگریشن آفس سمیت کئی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔ اسی دوران چین نے ایک اور اہم ناکہ تاتوپانی بھی بند کر دیا ہے۔
لہاسہ میں تعینات نیپالی قونصل جنرل لکشمی نیرولا نے بتایا کہ لپنگ کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ تھمنے تک چینی فریق کی جانب سے تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔ تاہم، مسافروں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔
رسواگڑھی اور تاتوپانی دونوں سرحدی ناکے بند ہونے کے بعد اب نیپال کے لیے چین کے ساتھ تجارت کرنے کے لئے کورلا سرحدی ناکہ ہی واحد اہم تجارتی متبادل کے طور پر باقی رہ گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن