
کوٹا، 4 اگست (ہ س)۔ ملک کی پہلی وندے بھارت پلیٹ فارم پر مبنی فریٹ ای ایم یو (سپر فاسٹ پارسل ریک) کا ایمرجنسی بریکنگ ڈسٹنس (ای بی ڈی) ٹیسٹ منگل کو مغربی وسطی ریلوے کے کوٹا ڈویژن کے لابان-گڑلا ریلوے سیکشن پر کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ اس دوران خشک اور گیلی دونوں قسم کی پٹریوں پر ریک کی بریکنگ صلاحیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مغربی وسطی ریلوے کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اور شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے افسر سوربھ جین نے بتایا کہ 29 جولائی سے کوٹا ڈویژن میں جاری اس فریٹ ای ایم یو کے جامع تکنیکی آزمائشی سلسلے کے تحت ایمرجنسی بریکنگ ڈسٹنس کا ٹیسٹ چار مرحلوں میں انجام دیا گیا۔ اس کا مقصد مختلف حالات میں بریکنگ نظام کی کارکردگی اور بھروسے کا جائزہ لینا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ریک میں ایمرجنسی بریک لگانے کی تین سہولتیں موجود ہیں، جن میں لوکو بریک، ٹرین بریک اور پش بٹن بریک شامل ہیں۔ ٹیسٹ کے دوران تینوں نظاموں کا استعمال کرتے ہوئے خشک اور گیلی پٹریوں پر مختلف حالات میں ایمرجنسی بریک لگائے گئے۔ ہر آزمائش میں بریک لگائے جانے کے مقام سے لے کر ریک کے مکمل طور پر رکنے تک کے فاصلے کی درست پیمائش کی گئی۔
ریلوے کے مطابق یہ ٹیسٹ ریسرچ ڈیزائن اینڈ اسٹینڈرڈز آرگنائزیشن (آر ڈی ایس او) کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ اس موقع پر آر ڈی ایس او کے ڈائریکٹر (ٹیسٹنگ) اننجے مشرا، انٹیگرل کوچ فیکٹری (آئی سی ایف)، چنئی کے اسسٹنٹ ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر سدھانشو کمار، چیف لوکو انسپکٹر رام نواس مینا، ٹریفک انسپکٹر مہندر سنگھ مینا سمیت آر ڈی ایس او اور آئی سی ایف کے تکنیکی ماہرین اور لوکو عملہ موجود تھا۔ تمام طے شدہ تکنیکی آزمائشیں کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق وندے بھارت فریٹ ای ایم یو کے تکنیکی ٹیسٹوں کے کامیاب نتائج مستقبل میں اس جدید سپر فاسٹ پارسل ریک کے باقاعدہ کام کاج کی راہ ہموار کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد