
جھانسی، 30 اگست (ہ س)۔ سپری بازار پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت گووندپوری کالونی میں سنیچر کی رات اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک بزرگ جوڑے کی لاش ایک بند گھر کے اندر سے ملی۔ دونوں لاشیں گھر میں کرائے کے کمرے میں فرش پر پڑی ہوئی تھیں۔ شوہر نیم برہنہ حالت میں تھا، جبکہ بیوی نے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ جسم پر کیڑے مکوڑے رینگ رہے تھے۔ اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ دونوں کو قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت وشوناتھ پال (70) اور اس کی بیوی بھون دیوی (65) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں اصل میں توڑی فتح پور پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت پورابگرونی گاوں کے رہائشی تھے۔ تقریبا 25 سال پہلے وہ جھانسی کے مہیسا گنج چلے گئے۔ 2019 میں انہوں نے گووندپوری کالونی میں ایک مکان بنایا اور وہاں رہنے لگے۔ ان کے پسماندگان میں ان کا بیٹا جگپال اور دو بیٹیاں فولا اور گیتا ہیں۔
جگپال نے کہا کہ وہ اپنے والدین کے گھر سے تقریبا دو کلومیٹر دور اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ رہتا ہے۔ ہفتہ کی شام تقریبا 6:30بجے کرایہ دار ستندر نے فون کر کے بتایا کہ انکل اور آنٹی دروازہ نہیں کھول رہے ہیں اور فون نہیں اٹھا رہے ہیں۔ اس کے بعد جگپال نے والدین کو تقریبا 10 بار فون کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
وہ شام کو گھر پہنچا۔ دروازہ اندر سے بند تھا۔ بہت آواز لگانے کے بعد بھی کوئی جواب نہ آنے پر وہ دروازے سے چھلانگ لگا کر اندر چلا گیا۔ والدین کی لاشیں کرایہ دارکے کمرے میں فرش پر پڑی پائی گئیں۔ گھر کی الماری کھلی ہوئی تھی اور چیزیں بکھری ہوئی تھیں۔جگپال نے الزام لگایا ہے کہ ماں نے اسے بتایا تھا کہ اس نے پوتی کی شادی کے لیے تقریبا دو لاکھ روپے اور زیورات رکھے تھے۔ یہ سامان بھی غائب تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ مرکزی دروازے کا تالا بھی گھر کا نہیں تھا۔ شبہ ہے کہ شرپسند دروازہ بند کر کے اور اپناتلالگا کرفرار ہو گئے۔
اہل خانہ کے مطابق تقریبا آٹھ دن پہلے جگپال اپنے والدین اور کرایہ دار ستندر کے ساتھ تھا۔ اس دن گھر میں گوشت پکایا گیا تھا اور تینوں نے داروبھی پی تھی۔ اس کے بعد جگپال اپنے گھر چلا گیا۔ اس کے مطابق اس دن اس کی اپنی ماں سے پیسوں کو لے کر بحث بھی ہوئی تھی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ کمرے میں خون کے داغ والے دو تولیے ملے ہیں۔ وہیںکرایہ دار ستندرجو بس کنڈکٹر ہے اور اکثر دو چار دنوں میں کمرے میں آتا ہے۔ سنیچر کو جگپال نے اس کو فون کیا، لیکن واقعہ کے بعدسے اس کا موبائل بند ہے۔
جھانسی کے آئی جی آکاش کلہری نے بتایا کہ دونوں لاشیں تقریبا پانچ سے چھ دن پرانی اور سڑی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے موت کی وجہ پہلی نظر میں واضح نہیں ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کا ایک پینل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے نے کرایہ دار ستندر پر شک کا اظہار کیا ہے۔ اس کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایف آئی آر کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کو بے نقاب کرنے کے لیے ایس او جی اور تھانا پولیس اسٹیشن کی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ ایس پی سٹی پریتی سنگھ کو نوڈل افسر بنایا گیا ہے۔ پولیس آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی بھی تصدیق کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی