
بارش سے راج ڈنڈا ندی کا پل ٹوٹا، مہوا ڈانڑ-گارو-پلامو راستے پر ٹریفک متاثر
لاتیہار، 30 اگست (ہ س)۔
ضلع کے پہاڑی علاقے میں مسلسل ہو رہی موسلا دھار بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ مہواڈانڑ بلاک علاقے میں راج ڈنڈا ندی کا پل تیز بہاو کے باعث متاثر ہو کر ٹوٹ گیا۔ پل ٹوٹنے سے مہواڈانڑ-گارو-پلامو شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مہوا ڈانڑ اور آس پاس کے علاقوں میں ہفتہ کے روز سے مسلسل تیز بارش ہو رہی تھی۔ بارش کی وجہ سے راج ڈنڈا ندی کے پانی کی سطح میں کافی اضافہ ہو گیا۔ ندی کے تیز بہاو کے دوران پانی کے دباو سے پل ٹوٹ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور احتیاطی تدابیر کے طور پر راستے کو سیل کر دیا۔
انتظامیہ کی جانب سے فی الحال گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے متبادل راستے کا انتظام کیا گیا ہے۔
مہوا ڈانڑ کے ایس ڈی ایم سلیمان منڈری نے بتایا کہ پل ٹوٹنے کی وجہ سے مین روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ فوری طور پر متبادل راستے سے ٹریفک بحال کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روڈ ڈویژن کے انجینئرز کو بھی معاملے سے باخبر کر دیا گیا ہے۔ انجینئرز کی آمد کے بعد پل کی صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کی کارروائی کی جائے گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ یہ راستہ انتہائی اہم ہے اور روزانہ بڑی تعداد میں گاڑیاں اس سڑک سے گزرتی ہیں۔ یہ سڑک لاتیہار، پلامو اور مہوا ڈانڑ کو چھتیس گڑھ سے جوڑتی ہے۔ ایسے میں پل ٹوٹنے سے علاقے کے لوگوں کے ساتھ ساتھ دوسری ریاستوں سے آنے جانے والے افراد کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن