
شملہ، 30 اگست (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں چند دنوں کی سستی کے بعد مانسون نے ایک بار پھر رفتار پکڑ لی ہے۔ اتوار کو دوپہر کے بعد دارالحکومت شملہ سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں زوردار بارش ہوئی۔ شملہ شہر میں تقریباً 3 گھنٹے تک تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات مرکز شملہ نے اگلے چار دن یعنی 31 اگست سے 3 ستمبر تک شدید بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سولن کے رام شہر میں سب سے زیادہ 78 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی دوران سرمور کے گیری جٹون ڈیم سے پانی چھوڑا گیا ہے۔ نشیبی اور میدانی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ناتھپا ڈیم سے بھی اضافی پانی چھوڑا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 اگست کو کانگڑا، منڈی اور سرمور میں شدید بارش کا ایلو الرٹ ہے۔ یکم ستمبر کو بلاسپور، چمبا، کانگڑا، منڈی، شملہ، سولن اور سرمور میں شدید بارش کا امکان ہے۔ 2 ستمبر کو بلاسپور، کانگڑا، سولن اور سرمور میں شدید بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سرمور میں 3 ستمبر کو بھی شدید بارش ہوسکتی ہے۔ 4 اور 5 ستمبر کو شدید بارش کی کوئی وارننگ نہیں ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سولن ضلع کے رام شہر میں 78 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ سرمور ضلع کے دھولاکواں میں 38.5 ملی میٹر، گھاگھس میں 30، پالَم پور میں 23.8، مراری دیوی میں 22، کاہو میں 11.6، پَندَوہ میں 10 اور جوگندر نگر میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مراری دیوی اور سندر نگر میں گرج چمک بھی ہوئی۔
بارش کے دوران کالکا-شملہ ہیریٹیج ریل لائن پرزمین کے تودے کھسکنے سے ریل ٹریفک متاثر ہوا اور اتوار کو تمام ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔ ہفتہ کی شام گیری جٹون ڈیم کے گیٹ کھول کر پانی چھوڑا گیا، جبکہ ناتھپا ڈیم سے بھی ریڈیئل گیٹوں کے ذریعے تقریباً 145 کیومیکس اضافی پانی چھوڑا گیا۔ ناتھپا ڈیم کے ڈاؤن اسٹریم میں کل اندازاً 226 کیومیکس پانی کا بہاؤ رہا۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق اتوار کی شام تک ریاست میں زمین کے تودے کھسکنے کے باعث 64 سڑکیں بند تھیں، 226 بجلی کے ٹرانسفارمر کام نہیں کر رہے تھے اور 9 پینے کے پانی کے منصوبے متاثر ہوئے تھے۔ منڈی میں سب سے زیادہ 24 سڑکیں بند ہیں، جبکہ کُلّو میں 16 اور کانگڑا و سرمور میں 7-7 سڑکیں بند ہیں۔ منڈی ضلع کے گوہر میں 217 ٹرانسفارمروں کے بند ہونے سے بجلی کی سپلائی متاثر ہے۔
اس مانسون سیزن میں اب تک بارش اور اس سے متعلقہ حادثات میں 253 افراد کی موت اور 462 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے۔ مرنے والوں میں 149 اموات سڑک حادثات میں ہوئی ہیں، جبکہ 104 افراد کی موت ہوئی ہے۔
بارش اور قدرتی آفات میں 451 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست میں 102 مکانات مکمل طور پر اور 434 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت کے تخمینے کے مطابق مانسون کے دوران اب تک 1,184 کروڑ روپے کی املاک کا نقصان ہوا ہے۔ اس میں محکمہ تعمیراتِ عامہ کو تقریباً 897 کروڑ روپے کا نقصان بھی شامل ہے۔
حالانکہ محکمہ موسمیات کے مطابق اس مانسون سیزن میں اب تک ریاست میں معمول سے 10 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد