
جموں, 27 اگست (ہ س)۔ امرتسر کٹرا ایکسپریس وے کی تعمیر کے دوران پیش آئے حادثے کی نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے تکنیکی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ لانچنگ آپریشن کے دوران پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔یہ حادثہ منگل کو سانبہ ضلع کے جکھ علاقے میں ایک زیر تعمیر ایلیویٹڈ کوریڈور پر پیش آیا تھا، جس میں ایک مزدور کی موت جبکہ ایک دیگر زخمی ہوگیا تھا۔
این ایچ اے آئی کے جموں دفتر کے مطابق حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تین ماہرین پر مشتمل ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ ٹیم نے جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے علاوہ تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والی جدید لانچنگ گینٹری کے تکنیکی اور مکینیکل پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا۔ماہرین کی جانب سے منصوبے کے ڈیزائن سے متعلق تکنیکی دستاویزات، لانچنگ گینٹری کی کارکردگی اور حادثے سے قبل اختیار کیے گئے آپریشن کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
این ایچ اے آئی کے مطابق تحقیقات میں یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ حادثہ مکینیکل خرابی، آپریشن میں کسی چوک، ڈیزائن سے متعلق مسئلے یا کسی دیگر تکنیکی وجہ سے پیش آیا۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ماہرین کی رپورٹ کی بنیاد پر ضروری اصلاحی اور حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔این ایچ اے آئی نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے مزدور کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ کمپنی کی جانب سے متوفی کے قریبی رشتہ دار کو ملازمت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے کہا کہ زیر تعمیر شاہراہ منصوبوں میں مزدوروں اور دیگر افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور حادثے کے بعد تعمیراتی آلات، کام کے طریقہ کار اور حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔حکام کے مطابق دہلی-کٹرا ایکسپریس وے ابھی زیر تعمیر ہے، اس لیے ماتا ویشنو دیوی جانے والے یاتریوں کے لیے قومی شاہراہ-44 بدستور کھلی ہے اور موجودہ روٹ پر اس حادثے کا کوئی براہ راست اثر نہیں پڑا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر