
چنڈی گڑھ، 16 اگست (ہ س)۔
ہریانہ کے وزیراعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ پنجاب میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد منشیات فروخت کرنے والوں کو ریاست سے باہر نکال دیا جائے گا اور جو نوجوان نشے کی گرفت میں پھنسے ہوئے ہیں، انہیں نشے سے نجات دلانے کی سمت میں بڑا قدم اٹھایا جائے گا۔ یہی نہیں، پنجاب میں پھیلی غنڈہ گردی کو ختم کرکے صاف شفاف انتظامیہ فراہم کی جائے گی۔
سینی اتوار کو پنجاب کے امرتسر کے رام پورہ میں میڈیا کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے پنجاب کی ’آپ حکومت‘ پر انتخابی وعدوں سے انحراف کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران ریاست میں ایماندار حکمرانی دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن یہ حکومت تو سابقہ کانگریس حکومت سے بھی زیادہ بدعنوان ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایک ٹاور سے نوٹ اڑائے گئے تھے، سب جانتے ہیں کہ یہ کہاں سے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی اور وزراء کے رشتہ داروں اور ان کے قریبی لوگوں کو ہی ملازمتیں مل رہی ہیں، جبکہ ریاست کا محنتی نوجوان خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہا ہے۔
نائب سنگھ سینی نے گزشتہ دنوں محکمہ صحت میں جاری ہونے والی بھرتی فہرست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے خود عدالت کے سامنے تسلیم کیا ہے کہ اس سے غلطی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی نہیں بلکہ خواتین اور ملازمین کا طبقہ بھی ریاستی حکومت سے پریشان ہے۔ عدالت کے حکم کے باوجود ملازمین کو ان کا ڈی اے نہیں دیا جا رہا ہے۔ یہی نہیں، انہیں تنخواہیں بھی تاخیر سے مل رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہریانہ میں جہاں ہر ضلع میں میڈیکل کالج کھولا جا رہا ہے، وہیں پنجاب میں کتنے میڈیکل کالج کھولے گئے ہیں، پنجاب کے وزیراعلیٰ اس کا جواب دیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ