عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ: سندھو اور لکشیا کے سامنے چیلنج، ساتوک-چراغ کو بائی
نئی دہلی، 14 اگست (ہ س)۔ عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے 30ویں ایڈیشن کا انعقاد 17 سے 23 اگست تک نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں کیا جائے گا۔ 2009 کے بعد پہلی بار ہندوستان اس باوقار مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ مردوں کے سنگلز، خواتین کے سنگلز، مردو
پی وی سندھو


نئی دہلی، 14 اگست (ہ س)۔ عالمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے 30ویں ایڈیشن کا انعقاد 17 سے 23 اگست تک نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں کیا جائے گا۔ 2009 کے بعد پہلی بار ہندوستان اس باوقار مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ مردوں کے سنگلز، خواتین کے سنگلز، مردوں کے ڈبلز، خواتین کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز- ان پانچ زمروں میں دنیا کے صف اول کے کھلاڑی عالمی خطاب کے لیے چیلنج پیش کریں گے۔

17 اگست سے شروع ہو رہے مقابلے صبح کے وقت سے شروع ہوں گے اور اتوار، 23 اگست کو فائنل مقابلوں کے ساتھ چیمپئن شپ کا اختتام ہوگا۔ ہندوستان کے آیوش شیٹی کو پہلے ہی راونڈ میں سخت چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا۔ ایشیائی چیمپئن شپ کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے آیوش کا سامنا موجودہ چیمپئن اور ٹاپ سیڈ چین کے شی یو چی سے ہوگا۔

وہیں، 2021 عالمی چیمپئن شپ کے کانسے کا تمغہ جیتنے والے لکشیا سین اپنی مہم کا آغاز آسٹریا کے کولنز ویلنٹائن فلیمون کے خلاف کریں گے۔ ابتدائی مقابلہ جیتنے پر اگلے راونڈ میں ان کا سامنا سیکنڈ سیڈ تھائی لینڈ کے کنلاووت ویتیدسارن سے ہو سکتا ہے۔ خواتین کے سنگلز میں ہندوستان کی اسٹار کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن پی وی سندھو اپنی مہم کا آغاز آئرلینڈ کی صوفیہ نوبل کے خلاف کریں گی، جو عالمی رینکنگ میں 141ویں پوزیشن پر ہیں۔

سندھو کو ابتدائی راونڈ میں عالمی نمبر ایک این سے ینگ اور موجودہ چیمپئن اکانے یاماگوچی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ تاہم، ڈرا کے مطابق پری کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ چین کی تھرڈ سیڈ وانگ ژی یی سے ہو سکتا ہے۔ کوارٹر فائنل میں انڈونیشیا کی چھٹی سیڈ پوتری کسوما وردانی ممکنہ حریف ہو سکتی ہیں۔

مردوں کے ڈبلز میں ہندوستان کی پانچویں سیڈ جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کو پہلے راونڈ میں بائی ملی ہے۔

ہندوستانی جوڑی کا سامنا الیگزینڈر ڈن/ایڈم پرنگل (اسکاٹ لینڈ) اور چالوئم پون چارونکٹامورن/وورا پول تھونگسا-نگا (تھائی لینڈ) کی جوڑی کے درمیان ہونے والے مقابلے کے فاتح سے ہوگا۔

ساتوک-چراغ کے لیے پہلا بڑا چیلنج انڈونیشیا کی 12ویں سیڈ جوڑی ریمنڈ اندرا اور نکولس جوآکون کی شکل میں سامنے آ سکتا ہے۔

گھریلو شائقین کی بھرپور حمایت کے درمیان ہندوستانی کھلاڑیوں کی نظریں اس بار عالمی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی اور تمغے پر مرکوز ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کا شیڈول (ہندوستانی وقت کے مطابق):

17 اگست، پیر: پہلے راونڈ کے مقابلے - صبح 9 بجے

18 اگست، منگل: پہلے/دوسرے راونڈ کے مقابلے - صبح 9 بجے

19 اگست، بدھ: دوسرے راونڈ کے مقابلے - صبح 9 بجے

20 اگست، جمعرات: پری کوارٹر فائنل - صبح 10.30 بجے

21 اگست، جمعہ: کوارٹر فائنل - صبح 10.30 بجے

22 اگست، ہفتہ: سیمی فائنل - صبح 10.30 بجے

23 اگست، اتوار: فائنل - دوپہر 1 بجے

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande