
نئی دہلی، 9 جولائی (ہ س): وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو آسٹریلین سوپر کی ہندوستان کے قومی سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر فنڈ (این آئی آئی ایف) میں 500 ملین آسٹریلین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری عالمی سرمایہ کاروں کے ہندوستان کی اقتصادی ترقی اور اصلاحات میں بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آسٹریلین سوپر کی نئی سرمایہ کاری ہندوستان کی ترقی کے سفر میں دنیا کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہندوستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی معیشت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کا بھی ایک ثبوت ہے۔ اس سرمایہ کاری کا اعلان میلبورن میں منعقدہ آسٹریلیا-انڈیا سالانہ لیڈرس سمٹ کے دوران کیا گیا۔
اس سرمایہ کاری کا اعلان آج صبح میلبورن میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)، پال شروڈر نے کیا۔ آسٹریلیا کے سب سے بڑے پنشن فنڈ آسٹریلین سوپر کے سی ای او پال شروڈر نے500 ملین آسٹریلین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ یہ سرمایہ کاری آسٹریلین سوپر کی ہندوستان میں تمام اثاثہ جات کی کل سرمایہ کاری کو 3.3 بلین آسٹریلین ڈالرتک لے آتی ہے۔
نیشنل انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر فنڈ (این آئی آئی ایف)، جو 2015 میں قائم کیا گیا تھا، کا مقصد ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں طویل مدتی ادارہ جاتی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ فی الحال، آسٹریلینسوپرنے ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے، ایکویٹی اور پرائیویٹ مارکیٹ میں تقریباً 2.8 بلین آسٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی