
نئی دہلی، 27 جولائی(ہ س)۔ مختلف صنعتوں کو تھرڈ پارٹی آڈٹنگ، انسپیکشن، سرٹیفکیشن اور ٹریننگ کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی گلف لائڈز(انڈیا) لمیٹڈ نے شیئر مارکیٹ میں مایوس کن آغاز کیا۔ کمپنی کے شیئرز پیر کو بی ایس ای ایس ایم ای پلیٹ فارم پر اپنے آئی پی او کے اجرا کی قیمت 100 روپے پر ہی فلیٹ لسٹ ہوئے، لیکن لسٹنگ کے فوراً بعد فروخت کا دباؤ بڑھنے سے شیئر 5 فیصد گر کر 95 روپے کے لوئر سرکٹ تک پہنچ گئے۔اس طرح آئی پی او میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو پہلے ہی دن فی شیئر 5 روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
کمپنی کا 18.19 کروڑ روپے مالیت کا آئی پی او 20 سے 22 جولائی کے درمیان سبسکرپشن کے لیے کھولا گیا تھا، جسے سرمایہ کاروں کی جانب سے اچھا ردعمل ملا۔ یہ آئی پی او مجموعی طور پر 10.85 گنا سبسکرائب ہوا۔ نان انسٹی ٹیوشنل سرمایہ کاروں (این آئی آئی) کے لیے مختص حصہ 2.86 گنا جبکہ ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص حصہ 18.83 گنا سبسکرائب ہوا۔
آئی پی او کے تحت 10 روپے فیس ویلیو والے 18 لاکھ 19 ہزار 200 نئے شیئر جاری کیے گئے۔ کمپنی کے مطابق حاصل ہونے والی رقم دفتر کے سرمایہ جاتی اخراجات، پرانے قرضوں کی ادائیگی، ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات اور دیگر عمومی کارپوریٹ مقاصد پر خرچ کی جائے گی۔
کمپنی نے اپنے ڈرافٹ ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (ڈی آر ایچ پی) میں مالی حالت کو مضبوط قرار دیا ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران گلف لائڈز نے 4.30 کروڑ روپے کا خالص منافع اور 35.97 کروڑ روپے کی آمدنی درج کی۔
اسی مدت میں کمپنی کی نیٹ ورتھ 13.48 کروڑ روپے رہی، جبکہ 8.71 کروڑ روپے ریزرو اور سرپلس کی صورت میں موجود تھے۔ کمپنی کی ای بی آئی ٹی ڈی اے 7.90 کروڑ روپے رہی، تاہم مالی سال کے اختتام تک اس پر 15.68 کروڑ روپے کا قرض بھی واجب الادا تھا۔مالیاتی اعداد و شمار مضبوط ہونے کے باوجود شیئر مارکیٹ میں کمپنی کی مایوس کن شروعات نے آئی پی او سرمایہ کاروں کو پہلے ہی دن بڑا جھٹکا دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan