
نئی دہلی، 06 جولائی(ہ س)۔ آل انڈیا ملّی کونسل صوبہ دہلی کا انتخابی عمل 5/ جولائی 2026 کو مجلس عاملہ کے خصوصی نشست میں مکمل کر لیا گیا۔ واضح ہو کہ ملی کونسل صوبہ دہلی کے لیے صدر کا انتخاب مجلس عمومی کے اجلاس منعقدہ 28/ جون کو تاج انکلیو میں کیا گیا تھا اور اسی مجلس میں 21/ رکنی عاملہ کی تشکیل عمل میں آئی تھی۔ صوبہ دہلی کے لیے ڈاکٹر پرویز میاں صاحب کوحسب سابق منصب صدارت پرباقی رکھنے کا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا تھا۔ صوبائی مجلس عاملہ کے ذریعہ دیگر عہدہ داران کا انتخاب کرنا تھا، جس میں جنرل سیکرٹری، خازن اور نائب صدور کے ساتھ شعبہ جات کے سیکریٹریز کا انتخاب بھی ہونا تھا۔ آج کے عاملہ کے اجلاس میں جنرل سیکرٹری کے لیے جناب رئیس الدین صاحب، خازن کے لیے جناب الیاس سیفی صاحب اور نائب صدور کے لیے بالترتیب مفتی احمد نادر القاسمی ، فیروز احمد صدیقی ، قاری محمد اسجد زبیر قاسمی، احمد موجی خان کا انتخاب ہوا اور معاون جنرل سیکرٹری کے لیے جناب جاوید رحمانی، امتیاز احمد صاحب کو منتخب کیا گیا۔ جبکہ شعبہ لیگل ایڈ کی ذمہ داری ایڈووکیٹ شیخ عمران علی صاحب کو دی گئی اور شعبہ تحفظ شریعت کا سیکرٹری جناب ماسٹر مبین صاحب کو بنایا گیا۔ اسی طرح شعبہ ذرائع ابلاغ کے سیکرٹری جناب نعیم انصاری صاحب بنے۔ جبکہ سرپرست کی حیثیت سے بالترتیب جناب حسیب احمد صاحب، پروفیسر حسینہ حاشیہ صاحبہ اور جناب مہربان قریشی صاحب کو منتخب کیا گیا۔
عہدہ داران کے انتخاب کے بعد دیگر امور کے ساتھ بطور خاص ملک بھر میں چل رہے ایس آئی آر پر تبادلہءخیال کیا گیا اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ پوری مستعدی کے ساتھ حصہ لیں اور توجہ کے ساتھ فارم پ±ر کریں، کسی طرح کی کوتاہی نہ کریں۔ خاص طور پر دہلی میں مساجد کے اماموں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے خطبات جمعہ میں اس کی اہمیت کو واضح طور پر بیان کریں اور لوگوں سے اپیل کریں کہ وہ ایک دوسرے کی مدد کے ساتھ ساتھ بی ایل او کی بھی مدد کریں۔ایجنڈا کو آگے بڑھاتے ہوے آئندہ 19/ جولائی کو دہلی میں ہونے والے مرکزی مجلس عاملہ کی میٹنگ کے انتظام و انصرام میں مدد کرنے کی کوشش پر زور دیا گیا۔میٹنگ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، نگراں کی حیثیت سے مرکزی ملی کونسل کے معاون جنرل سیکرٹری (تنظیمی امور) موجود رہے اور منتخب عہدیداران کا اعلان کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مفتی احمد نادر القاسمی نے انجام دئیے۔آخر میں شکریہ کے کلمات وسیم احمد فہمی (پی آر او مرکزی دفتر) نے پیش کیے۔ اور سبھی منتخب عہدیداران کو فرداً فرداً مبارکباد پیش کی۔ اور امید ظاہر کی کہ دہلی کی یہ ٹیم اپنی ذمہ داری کو بہ حسن وخوبی نبھائے گی۔ اس موقع پر جناب محمد عالم ابن ڈاکٹر محمد منظور عالم اورجناب رضوان سیفی صاحب بھی موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais