
جموں، 04 جولائی (ہ س)۔ مقدس امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے محکمۂ صحت نے جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اُدھم پور کے داخلی مقام ٹکری سے ناشری ٹنل تک 10 فرسٹ ایڈ مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں یاتریوں کو بخار، قے، بلڈ پریشر، آکسیجن کی کمی، معمولی چوٹ اور دیگر طبی ہنگامی صورتحال میں فوری علاج فراہم کیا جائے گا۔
محکمۂ صحت کے مطابق تمام مراکز پر ضروری ادویات، آکسیجن سلنڈر اور دیگر طبی سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹکری سے ناشری ٹنل تک 6 ایڈوانس لائف سپورٹ ایمبولینسیں بھی تعینات کی گئی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مریض یاتریوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اُدھم پور یا ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا جا سکے۔ ہر ایمبولینس میں تربیت یافتہ پیرا میڈیکل عملہ موجود رہے گا۔
ٹکری میں قائم فرسٹ ایڈ سینٹر چوبیس گھنٹے فعال رہے گا، جہاں ڈاکٹروں، فارماسسٹ اور نرسنگ اسٹاف کی شبانہ روز ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔
محکمۂ صحت نے یقین دلایا ہے کہ یاترا کے دوران تمام طبی مراکز پر اضافی عملہ تعینات رہے گا تاکہ یاتریوں کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر