
ممبئی ، 31 جولائی (ہ س)۔ ضلع تھانے کے بھیونڈی میں کوہ نور عمارت منہدم ہونے کے سانحے کے بعد مہاراشٹر کے وزیر برائے آبی وسائل و آفات انتظامیہ گریش مہاجن نے جائے حادثہ کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے راحت اور بچاؤ کارروائیوں کی تفصیلات حاصل کیں اور متعلقہ محکموں کو متاثرہ شہریوں کو فوری امداد فراہم کرنے، ریسکیو اور راحتی کاموں میں تیزی لانے اور انہیں مؤثر انداز میں انجام دینے کی ہدایت دی۔گریش مہاجن نے بتایا کہ گزشتہ رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ضلع تھانے کے بھیونڈی کے نارپولی علاقے کے بالاجی نگر، گنگا رام واڑی میں واقع کوہ نور عمارت منہدم ہونے سے ابتدائی طور پر سات افراد کی موت کی اطلاع ملی تھی۔ جمعہ کی صبح تقریباً ساڑھے نو بجے اندرا گاندھی اسپتال میں سات مہلوکین کی لاشیں لائی گئیں۔مہلوکین میں شمیم شیخ، عمر 32 سال، رنجیت سنگھ، عمر 45 سال، سراج رسول شیخ، عمر 34 سال اور سنتوش کمار پانڈے شامل ہیں، جبکہ دو لاشوں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔ ملبے سے ایک اور لاش بھی برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہر مہلوک کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور تمام متاثرہ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور امداد مہیا کی جائے گی۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے