
نئی دہلی،03جولائی(ہ س)۔شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلمانوں کو تاکید کی کہ اسلامی شریعت کی پابندی کریں اور نوجوانوں کو بھی شریعت کا پابند بنائیں اسی میں فلاح دارین ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتی فرقہ کے خلاف نفرت اور اشتعال انگیزی حد سے زیادہ ہو چکی یہ تشویش کی بات ہے ابھی مغربی بنگال کی حکومت کو بنے ہوئے زیادہ دن بھی نہیں گزرے ہیں کہ وہاں پر یونیفارم سول کوڈ لانے کی تیاری ہے۔ یو سی سی بل بھی نافذ کیا جائے گا اس کے علاوہ تبدیلی مذہب مخالف قانون اور مبینہ لینڈ جہاد بل بھی لانے کا پروگرام ہے۔ یو سی سی بل میں آئینی طور پر محفوظ قبائلی برادری اس سے مستثنی رہیں گے۔ مفتی مکرم نے کہا کہ آئین ہر فرقے کو اپنے اپنے مذہب کے مطابق عمل کرنے کی اجازت دیتا ہے اور آزادی کے بعد سے اب تک آئین کے مطابق ہر فرقہ قانون کے مطابق اپنے سبھی مسائل کو حل کرنے میں آزاد ہے تو اب کیا پریشانی ہے یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ نفرت کا مقابلہ چل رہا ہے فرقہ پرستی کی سیاست کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ایک سیکولر ملک میں ایسا نہیں ہونا چاہیے ۔ مفتی مکرم نے بھارت کی راجدھانی دہلی میں لنچنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں لنچنگ کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں نریلا میں شرپسندوں نے معمولی جھگڑے پر دو بھائیوں پر حملہ کر دیا جن میں سے ایک کی موت ہو گئی ایک زخمی ہے، اتم نگر کے راجا پوری میں قرض کی عدم ادائیگی پر عزیر کو قتل کر دیا گیا ضلع غازی آباد کے لونی مصطفی آباد علاقے میں بائک سے کار کی ٹکر پر محمد زید کو ہلاک کر دیا گیا ہمارا مطالبہ ہے کہ لنچنگ کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے اور اقلیتوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں اس کا مکمل بندوبست کیا جائے ۔ مفتی مکرم نے فلسطینی بچوں پر اسرائیل کے مظالم کی شدید مذمت کی ۔ اقوام متحدہ کی جانب سے گذشتہ ہفتہ ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے اس رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 اور اکتوبر 2025 تک بیس ہزار سے زیادہ فلسطینی بچے ہلاک ہوئے 44 ہزار سے زیادہ بچے زخمی ہوئے جان بوجھ کر بچوں کو نشانہ بنایا گیا ہم اس ظلم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری کو اور ہر ملک کو ایسے ظلم کی مذمت کرنی چاہیے اور مظالم میں اسرائیل کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais