
نئی دہلی، 29 جولائی (ہ س): شمال مشرقی دہلی میں نیو عثمان پور پولیس نے صرف سات گھنٹوں کے اندر ایک قتل کا معاملہ حل کر لیا، اس جرم میں ملوث دو نابالغوں کو گرفتار کر لیا۔ان کی فراہم کردہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا چاقو کے ساتھ ساتھ واردات کے وقت پہنے ہوئے کپڑے بھی برآمد کر لیے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں نوجوان ایک فیکٹری میں کام کرتے تھے اور مقتول کی جانب سے مسلسل ہراساں کیے جانے سے تنگ آ کر قتل کی سازش کی۔
پولیس کے مطابق 28 جولائی کی صبح تقریباً 11:30 بجے نیو عثمان پور پولیس اسٹیشن کو اطلاع ملی کہ ڈی ڈی اے پارک کے اندر ایک گڑھے میں ایک نوجوان کی لاش پڑی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ایک نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد کی جس کی عمر تقریباً 18 سال تھی۔ اس کے جسم پر چاقو کے متعدد زخم تھے۔ جائے وقوعہ کے قریب ایک خون آلود چاقو بھی پڑا ہوا ملا۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے لیے جے پی سی اسپتال کے مردہ خانے میں بھیج دیا۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فارنسک سائنس کی ٹیم کو جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا۔ ٹیم نے احتیاط سے سائٹ کا معائنہ کیا اور اہم سائنسی شواہد اکٹھے کئے۔ اس کے بعد، بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 103(1) کے تحت نیو عثمان پور پولیس اسٹیشن میں قتل کی ایف آئی آر (نمبر 514/2026) درج کی گئی اور تحقیقات شروع کی گئی
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (شمال مشرقی ضلع) راہول الوال نے بدھ کو بتایا کہ اے سی پی سیلم پور، ملکیت سنگھ کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دی گئں، تاکہ اس کیس کے جلد حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ تفتیش کے دوران، پولیس ٹیموں نے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج اسکین کیں، تکنیکی نگرانی کا استعمال کیا، اور مقامی انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کیں۔ مسلسل کوششوں کے نتیجے میں متوفی کی شناخت سعد عرف نامی (16) کے طور پر ہوئی جو لونی، غازی آباد کا رہنے والا ہے۔ اس کے بعد، تکنیکی شواہد اور دیگر معلومات کی بنیاد پر، پولیس نے کیس کے سلسلے میں بیہٹا حاجی پور، لونی کے دو نابالغوں- جن کی عمریں 16 اور 17 سال ہیں ، کو حراست میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران دونوں نے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ایک فیکٹری میں کام کرتے تھے اور متوفی سعد کی طرف سے انہیں اکثر دھمکیاں دی جاتی تھیں، ہراساں کیا جاتا تھا اور انہیں تنگ کیا جاتا تھا۔ اس سے تنگ آکر انہوں نے 27 جولائی کو سعد کو چپل خریدنے کے بہانے ڈی ڈی اے پارک بلایا۔ ان کی بات چیت کے دوران جھگڑا ہوا، جس کے بعد دونوں نے اس پر متعدد وار کیے اور موقع سے فرار ہوگئے۔ ملزمان کی فراہم کردہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا چاقو اور وہ کپڑے بھی برآمد کر لیے جو انہوں نے واردات کے وقت پہنے ہوئے تھے۔ پولیس کیس کی دیگر پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد