
کوڈرما، 27 جولائی (ہ س)۔ ضلع میں جنگلی ہاتھیوں کی دہشت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ تازہ ترین واقعہ مرکچو تھانہ علاقے کے پاپلو پنچایت کے تحت کھنڈراڈیہہ گاو¿ں میں پیش آیا، جہاں اتوار کی رات آوارہ ہاتھیوں کے جھنڈ نے ایک کسان کو مار ڈالا۔ واقعہ کے بعد مشتعل دیہاتیوں نے محکمہ جنگلات کے خلاف احتجاج کیا اور علاقے سے ہاتھیوں کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
مرنے والے کی شناخت کیدار یادو (55) ساکن کھنڈراڈیہہ، پنچایت پاپلو، مرکچو تھانہ کے طور پر کی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق کیدار یادو اپنے گھر سے کچھ فاصلے پر ایک کھیت میں کام کر رہے تھے کہ ہاتھیوں کے جھنڈ نے ان پر حملہ کر دیا۔ ہاتھیوں نے انہیں روند کر شدید زخمی کر دیا جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مرکچو تھانہ انچارج بمبم کمار پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے دیر رات تک گاو¿ں والوں کو سمجھا کر صورتحال کو پرسکون کیا۔ جس کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا۔
گاو¿ں والوں کا الزام ہے کہ علاقے میں ہاتھیوں کی بار بار تباہی مچانے کے باوجود محکمہ جنگلات موثر کارروائی نہیں کر رہا ہے جس سے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہاتھیوں کو بحفاظت واپس جنگل میں بھگایا جائے اور اس کا مستقل حل نکالا جائے۔
اس دوران ڈی ایف او سومترا شکلا نے بتایا کہ 20 سے 25 ہاتھیوں کا ریوڑ کوڈرما کے مختلف جنگلات میں گھوم رہا ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور رات کے وقت اکیلے جنگلوں اور کھیتوں میں جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہاتھی کسی شخص، فصل یا مکان کو نقصان پہنچاتے ہیں تو ضابطے کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق، گزشتہ سال کوڈرما ضلع میں ہاتھیوں کے حملوں میں لگ بھگ 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس سے گاو¿ں والوں میں مسلسل خوف پایا جارہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی