
جموں, 27 جولائی (ہ س)۔
جموں و کشمیر میں 28 سے 31 جولائی تک بارش اور گرج چمک کے نئے سلسلے کی وجہ سے متعدد اضلاع میں شدید بارش، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خطرے لاحق ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کے مطابق 27 جولائی کی دوپہر بعد سے شام تک کئی مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے، تاہم اس کے بعد موسم میں عارضی بہتری آنے کا امکان ہے۔پیش گوئی کے مطابق 28 سے 31 جولائی کے دوران وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک ہوگی، جبکہ چند اضلاع میں صبح سویرے اور شام کے اوقات میں وقفے وقفے سے تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
جموں ڈویژن میں بھی بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے، تاہم بعض اضلاع میں موسلا دھار اور کہیں کہیں انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ نے کہا ہے کہ ادھم پور اور اس سے ملحقہ علاقوں میں 30 اور 31 جولائی کو شدید سے انتہائی شدید بارش متوقع ہے اور اسی عرصے کے دوران موسمی سرگرمیاں اپنے عروج پر رہیں گی۔یکم اور 2 اگست کو بھی کئی علاقوں میں ایک یا دو مرتبہ بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ 3 اور 4 اگست کو جموں ڈویژن کے چند اضلاع میں دوبارہ شدید بارش، تیز بادل پھٹنے جیسے بارش کے سلسلے اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ 28 سے 31 جولائی کے دوران شدید بارش کے باعث نشیبی اور حساس علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ عوام، سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹ آپریٹروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کرتے ہوئے حساس علاقوں کا رخ نہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر