
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اورچھا میں مقامی لوگوں کے ساتھ ’’من کی بات‘‘ پروگرام کو سنا
بھوپال، 26 جولائی (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز ’من کی بات‘ پروگرام میں ’کیچ دی رین‘ مہم پر گفتگو کے دوران مدھیہ پردیش کے سیدھی اور نرسنگھ پور میں تحفظِ آب کے لیے کیے گئے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی میں تقریباً 1500 تالاب بنائے گئے ہیں، جبکہ نرسنگھ پور میں امرت سروور کو سنوارا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی ہر بوند کو محفوظ کرنے کی مہم کو عوامی تحریک بنانا انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعظم مودی نے اہل وطن سے اپنے آس پاس کے تالابوں، کنووں یا باؤلیوں کی ذمہ داری لینے اور پانی کی ہر بوند بچانے کی مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آج بچائی گئی ہر بوند، آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے نواڑی ضلع کے سیاحتی و مذہبی شہر اورچھا کے کنچنا گھاٹ پر وزیراعظم مودی کے ’’من کی بات‘‘ پروگرام کو سنا۔ اس موقع پر پنچایت اور دیہی ترقیات کے وزیر پہلاد سنگھ پٹیل، سماجی انصاف، معذور افراد کی بہبود، باغبانی و فوڈ پروسیسنگ کے وزیر نیز نواڑی ضلع کے انچارج وزیر نارائن سنگھ کشواہا سمیت عوامی نمائندے اور مقامی لوگ موجود تھے۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’کیچ دی رین‘ کا پیغام بہت واضح ہے، جہاں جب بھی بارش ہو، پانی کو وہیں محفوظ کریں۔ اسی لیے 4 جولائی سے پورے ملک میں ایک خصوصی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ اس کے تحت بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے، زیرِ زمین پانی کو ریچارج کرنے، قدیم آبی وسائل کو بحال کرنے اور شجر کاری کو نئی رفتار دی جا رہی ہے۔ گاوں ہو یا شہر، پنچائتیں ہوں یا سماجی تنظیمیں، ہر جگہ لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ کہیں قدیم تالابوں سے گاد (کچرا) نکالی جا رہی ہے تو کہیں کنووں اور باؤلیوں کو دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے۔ بند پڑے بورویل اب زیرِ زمین پانی کو ریچارج کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے ’من کی بات‘ پروگرام میں مہاراشٹر، آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ اور اڈیشہ میں کیے گئے کاموں کے حوصلہ افزا نتائج کا بھی ذکر کیا۔ راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ مہیش کیوٹ اور نواڑی کے رکن اسمبلی انل جین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن