
لداخ, 26 جولائی (ہ س): کرگل وجے دیوس کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر لیفٹیننٹ گورنر لداخ ونئے کمار سکسینہ نے دراس میں واقع کرگل وار میموریل پہنچ کر 1999 کی کارگل جنگ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، آرمی چیف جنرل دھیرج سیٹھ اور فوج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ تمام معززین نے کرگل وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھا کر وطن کے لیے جان قربان کرنے والے فوجیوں کو نمن پیش کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے کہا کہ کرگل جنگ کے شہداء کی بے مثال بہادری، قربانی اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری ہمیشہ قوم کو تحریک دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان عظیم سپاہیوں کی مقروض ہے جنہوں نے 1999 میں آپریشن وجے کے دوران ملک کی سلامتی، وقار اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھارتی فوج کے جوانوں نے جس عزم اور شجاعت کا مظاہرہ کیا، وہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا اور قومی اتحاد، سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کا پیغام دیتا رہے گا۔واضح رہے کہ 26 جولائی 1999 کو بھارتی فوج نے کامیاب آپریشن وجے کے بعد کرگل جنگ میں فتح کا اعلان کیا تھا، جس کی یاد میں ہر سال 26 جولائی کو کرگل وجے دیوس منایا جاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر