
بھارت پاکستان کے ساتھ صرف مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہی بات چیت کرے گا۔راجناتھ سنگھ
جموں, 26 جولائی (ہ س)۔
مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ صرف مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہی بات چیت کرے گا۔ انہوں نے پاکستان پر دہشت گردی کو ریاستی پالیسی بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بھارت کو دھمکانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
کرگل وجے دیوس کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر دراس میں واقع کرگل وار میموریل پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی سرزمین کے ایک حصے پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور اگر مستقبل میں کوئی مذاکرات ہوں گے تو وہ صرف اسی مسئلے پر ہوں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مئی 2025 میں پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیے گئے آپریشن سندور نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کسی بھی مہم جوئی یا بھارت کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کا ایسا جواب دیا جائے گا جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ایک طرف بھارت نئی ٹیکنالوجی، بحری جہازوں اور ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر میں مصروف ہے، جبکہ دوسری جانب پاکستان دہشت گردی، دراندازی اور انتہا پسندی کو فروغ دینے میں لگا ہوا ہے۔
انہوں نے 1999 کی کرگل جنگ میں بھارتی فوج کی کامیابی کو بھارت ماتا کے تاج کا ایک درخشاں ہیرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرگل کی فتح صرف فوجی یا سفارتی کامیابی نہیں بلکہ بھارتی فوج کے جوانوں کی بے مثال بہادری، شجاعت اور قربانی کی علامت ہے۔اس سے قبل وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، آرمی چیف جنرل دھیرج سیٹھ، لیفٹیننٹ گورنر لداخ ونئے کمار سکسینہ اور شمالی کمان کے جی او سی اِن سی لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے کرگل وار میموریل پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں نے یادگار پر گل پاشی بھی کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر