
حضرت سید محتشم علی ابوالعلائی نے پیرزادہ ارشد فریدی چشتی کی روایتی دستار بندی کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا
آگرہ /فتحپور سیکری ،نئی دہلی،26 جو لائی (ہ س):۔
سرتاج حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلائی کے سالانہ عرسِ مبارک کی اختتامی تقریب قل شریف ہفتہ، 9 صفر 1448 ہجری مطابق 25 جولائی 2026 کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ درگاہ کے سجادہ نشین و متولی حضرت سید محتشم علی ابوالعلائی نے نائب سجادگان اور درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتی ، فتح پور سیکری کے سجادہ نشین پیرزادہ حضرت ارشد فریدی چشتی کے ہمراہ قل شریف کی رسم ادا کی۔
اس موقع پر حضرت سید محتشم علی ابوالعلائی نے پیرزادہ حضرت ارشد فریدی چشتی کی روایتی دستار بندی کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعد ازاں عرقِ گلاب کا چھڑکاو¿ کیا گیا اور ملک کی ترقی، خوشحالی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتی ، فتح پور سیکری کے سجادہ نشین پیرزادہ ارشد فریدی چشتی نے حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلائی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلائی کا عرسِ مبارک روحانی فیوض و برکات سے استفادہ اور باہمی اتحاد و یکجہتی کے عزم کی تجدید کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت سیدنا کے فیوض و برکات کو جاری رکھے اور ملک میں امن، بھائی چارے اور خوشحالی کو فروغ عطا فرمائے۔
عرس کے اختتام پر ابوالعلائی شیخ کمیٹی کے زیر اہتمام ٹیلا پایا چوکی سے متبرک چادر کا جلوس نکالا گیا، جلوس کی قیادت کمیٹی کے حاجی صوفی بندن میاں، بھارتی مسلم وکاس پریشد کے قومی صدر سمیع آغائی اور سید عرفان احمد سلیم نے کی۔جو شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا درگاہ حضرت سیدنا سرکار پہنچا، جہاں چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کے بعد امن، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اس موقع پر حاجی صوفی بندن میاں، بھارتی مسلم وکاس پریشد کے قومی صدر سمیع آغائی اور سید عرفان احمد سلیم نے حضرت سیدنا شاہ امیر ابوالعلائی کی روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عرس محبت، اخوت اور اتحاد کا پیغام عام کرتا ہے۔ انہوں نے عرس کے دوران بہترین انتظامات پر آگرہ انتظامیہ اور پولیس کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ