
بھوپال میں رن فارلائف میراتھن میں عوامی سیلاب، 6 ہزار افراد نے دوڑ لگائی، نشہ سے پاک معاشرہ بنانے کاعزم
بھوپال، 26 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش پولیس کی ریاست گیر مہم ’نشہ سے دوری ہے ضروری 2.0‘ کے تحت اتوار کے روز دارالحکومت میں منعقدہ ’رن فار لائف‘ میراتھن میں عوامی سیلاب امڈ پڑا۔ ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم سے شروع ہوئی اس بیداری میراتھن میں تقریباً 6 ہزار شرکاء نے حصہ لے کر نشے کے خلاف اتحاد کا پیغام دیا۔ پروگرام میں طلبہ، کھلاڑیوں، رضا کار تنظیموں، سماجی تنظیموں، نگر رکشا کمیٹی کے اراکین، پولیس حکام اور بڑی تعداد میں عام شہریوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ پولیس کمشنریٹ بھوپال اور محکمۂ سماجی انصاف کے مشترکہ اہتمام سے منعقدہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں اور عام لوگوں کو نشے کے مہلک نتائج کے بارے میں بیدار کرنا نیز صحت مند اور مثبت طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔ میراتھن کے دوران تمام شرکاء نے’’سے۔۔ نو ٹو ڈرگز‘‘ (منشیات کو نا کہیں)کا پیغام دیتے ہوئے نشہ سے پاک معاشرے کی تعمیر کا عزم لیا۔
میراٹھن کا اہتمام 2 کلومیٹر واکتھون، 5 کلومیٹر رن اور 10 کلومیٹر میراتھن زمروں میں کیا گیا۔ ترنگا اور بیداری کے پیغامات والے بینر لے کر دوڑتے شرکاء نے پورے شہر میں نشہ سے پاکی کا پیغام دیا۔ اہتمام کے دوران نوجوانوں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ بھوپال پولیس کمشنر سنجے کمار نے تمام شرکاء کو نشے سے دور رہنے اور معاشرے کو نشہ سے پاک بنانے کا حلف دلایا۔ انہوں نے فاتحین کو میڈل اور تحسین نامہ (سرٹیفکیٹ) دے کر نوازا نیز تمام شرکاء کے جوش اور تعاون کی تعریف کی۔
اے ڈی جی (نارکوٹکس) ڈی شری نواس ورما نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ریاست کے ہر شہری تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ نشے سے دور رہ کر صحت مند اور مثبت زندگی گزاری جائے۔ انہوں نے کہا کہ نشے کی لت صرف ایک فرد کو نہیں، بلکہ پورے خاندان کے مستقبل کو بھی متاثر کرتی ہے، اس لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اس کے خلاف بیدار ہونا ہوگا۔
ایڈیشنل پولیس کمشنر (ہیڈ کوارٹر و کرائم) ڈاکٹر مونیکا شکلا نے کہا کہ نشے کے خلاف لڑائی صرف پولیس کی نہیں، بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ نئی اور پرانی نسل کو مل کر اس سماجی برائی کے خلاف مہم چلانی ہوگی، تبھی نشہ سے پاک اور محفوظ معاشرے کی تعمیر ممکن ہوگی۔
10 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر دوڑ کے مختلف عمر کے زمروں کے مقابلوں میں فاتحین کو پولیس کمشنر نے میڈل اور تحسین نامہ دے کر نوازا۔ 10 کلومیٹر کی 45 سال سے زائد عمر کے مردوں کے زمرے میں پولیس کمشنر سنجے کمار پہلے نمبر پر رہے، جبکہ دیگر زمروں میں بھی خواتین اور مرد شرکاء نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پولیس حکام نے تمام شرکاء، رضا کار تنظیموں، اسکولوں، سماجی تنظیموں اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نشہ سے پاک، محفوظ اور صحت مند بھوپال کی تعمیر میں مسلسل تعاون کی اپیل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن