
مشرقی سنگھ بھوم، 23 جولائی (ہ س)۔ کدما تھانہ علاقے میں بدھ کی رات موٹر سائیکل سوار دو بدمعاش ایک خاتون کے گلے سے سونے کی چین جھپٹ کر فرار ہو گئے۔ حادثے میں خاتون سڑک پر گر کر شدید طور پر زخمی ہو گئی، جبکہ بدمعاش موقع سے تیز رفتاری سے فرار ہوگئے۔ مقامی لوگوں سے موصولہ اطلاع کے مطابق، کدما کی ساکن سنتونا جینا، جو سرائے کیلا ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ملازم ہیں، اپنی بیٹی کے ساتھ بھاٹیا بستی میں واقع گھر جا رہی تھیں۔ اسی دوران ریسنگ موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان ان کے پاس پہنچے۔ دونوں نے مہنگے اور جاذبِ نظر ہیلمٹ پہن رکھے تھے تاکہ ان کی شناخت چھپی رہے۔ موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھے نوجوان نے جھپٹا مار کر سنتونا جینا کے گلے سے تقریباً 16 گرام وزنی سونے کی چین چھین لی۔وارادت کے دوران ملزم کے ہاتھ میں پہنا کڑا پیچھے بیٹھی ان کی بیٹی سے ٹکرا گیا۔ اس سے ان کی دو پہیہ گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور دونوں سڑک پر گر پڑے۔ گرنے سے سنتونا جینا شدید طور پر زخمی ہو گئیں۔شور سن کر آس پاس کے لوگ جائے حادثہ پر پہنچے، لیکن تب تک دونوں بدمعاش تیز رفتاری سے فرار ہو چکے تھے۔ متاثرہ نے بتایا کہ بھاگتے وقت موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھا نوجوان بار بار پیچھے مڑ کر دیکھ رہا تھا۔ اس نے اورینج رنگ کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی، جو اس کی شناخت کا اہم سراغ ہو سکتا ہے۔حادثے میں سنتونا جینا کے ہاتھ میں فریکچر ہو گیا۔ انہیں فوری علاج کے لیے ٹاٹا مین اسپتال (ٹی ایم ایچ) میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد کدما تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تاہم، کدما تھانہ انچارج دلیپ کمار یادو نے معاملے میں فی الحال کوئی سرکاری تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سینئر افسران ہی معلومات فراہم کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن