
گنگٹوک، 20 جولائی (ہ س)۔ سکم کے جنوبی ضلع میں زیر تعمیر این ایچ پی سی کی سرنگ میں گیس کا اخراج ہونے کا معاملہ پیش آیا ہے۔ واقعے کے وقت 12 کے تقریباً کارکنان سرنگ کے اندر موجود تھے ، جو ابھی تک اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ تمام کارکنوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے جنگی سطح پر راحت اور بچاو مہم جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق ،یہ واقعہ جنوبی سکم کے سمردونگ میں این ایچ پی سی پروجیکٹ کی ایک سرنگ میں پیش آیا جہاں تعمیر اور مرمت کا کام چل رہاتھا۔ سرنگ کے اندر کام کرنے والے مزدوروں کو اچانک سانس کی تکلیف اور دم گھٹنے کی شکایت ہونے لگی۔ حکام اور ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس، فائر ڈپارٹمنٹ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں اور این ایچ پی سی پروجیکٹ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور راحت اور بچاو¿ کا کام شروع کیا۔ ایمبولینس اور طبی ٹیمیں ٹنل کے باہر تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ وہاں سے نکالے جانے والے کارکنوں کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق رنگپو فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیم امدادی کارروائیوں کے لیے سرنگ میں سب سے پہلے داخل ہوئی لیکن اندر گیس کی زیادہ مقدار کی وجہ سے وہ آگے بڑھنے میں ناکام رہی۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے کچھ اہلکار بھی گیس کی وجہ سے بیمار ہوگئے اور انہیں فوری طور پر رنگپو پرائمری ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا۔
سرنگ کے اندر گیس لیک ہونے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ واقعہ کے حوالے سے ضلع انتظامیہ یا متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ انتظامیہ کی ترجیح سرنگ میں پھنسے تمام کارکنوں کو بحفاظت باہر نکالنا ہے جب کہ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد