
نئی دہلی، 20 جولائی (ہ س): انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں 138 رنز کی اننگز کھیلنے والے بھارتی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ان کی پوری توجہ صرف بھارتی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ باہری شور و غوغا سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور ان کا کام صرف میدان میں ملک کے لیے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا ہے۔
لارڈز میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ سے قبل میڈیا رپورٹس میں مسلسل یہ دعوے کیے جا رہے تھے کہ یہ مقابلہ بھارتی ٹیم کے لیے روہت شرما کا آخری بین الاقوامی میچ ہو سکتا ہے۔ تاہم بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری دیوجیت سیکیا نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔ اب میچ کے بعد روہت نے بھی اپنے بیان سے ان قیاس آرائیوں کو تقریباً مسترد کر دیا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک ویڈیو میں روہت شرما نے کہا، ’’میرا کام بلے سے کارکردگی دکھانا اور میدان میں اتر کر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہے۔ ڈیبیو کے بعد سے مجھے یہی ذمہ داری ملی ہے اور میں آئندہ بھی یہی کرتا رہوں گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بیرونی بحث، تبصرے اور تنقید ان کے کیریئر کے آغاز سے ہی جاری ہیں اور اس سے ان کے سوچنے یا کھیلنے کے انداز پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
روہت نے کہا، ’’جب سے میں نے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا ہے، تب سے یہ شور موجود ہے۔ جب تک میں کھیلوں گا، یہ چلتا رہے گا، اس لیے اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میرے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں میدان میں کیا کرتا ہوں اور ٹیم کی کامیابی میں کتنا حصہ ڈالتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’شور شرابا ہونے دیجیے، اگر شور نہ ہو تو مزہ ہی نہیں آتا۔ میرا کام میدان کے اندر ہے اور ناقدین کا کام میدان کے باہر۔ میں اسے اسی نظر سے دیکھتا ہوں۔‘‘
لارڈز میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں روہت شرما نے 138 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ثابت کر دیا کہ ان میں ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔ تاہم ان کی یہ عمدہ اننگز بھی بھارتی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 387 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 360 رنز ہی بنا سکی اور 27 رنز سے میچ ہار گئی۔
روہت کے علاوہ کپتان شبھمن گل نے 77 اور وراٹ کوہلی نے 74 رنز کی اہم اننگز کھیلی، لیکن ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی۔
اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے تین میچوں کی ایک روزہ سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم کو پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز میں بھی انگلینڈ کے ہاتھوں 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد