
نئی دہلی، 02 جولائی (ہ س)۔ مرکزی ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر بھوپیندر یادو نے کہا ہے کہ ہندوستان میں برقی نقل و حرکت کی طرف بڑھنے کا مقصد صرف روایتی گاڑیوں کو برقی گاڑیوں سے بدلنا نہیں ہے، بلکہ اس کا مقصد ایک پائیدار صنعتی ماحولیاتی نظام تیار کرنا ہے جو مینوفیکچرنگ کو مضبوط کرے، سبز ملازمتیں پیدا کرے اوروکست بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے میں تعاون کرے۔
جمعرات کو یہاں ایسوچیم کی طرف سے منعقدہ قومی کانفرنس 'الیکٹرک موبیلٹی: بلڈنگ انڈیا این الیکٹرک موبلٹی ہب فار اے وکست بھارت' سے خطاب کرتے ہوئے، یادو نے کہا کہ ای-موبلٹی کی توسیع میں، طویل مدتی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سبز ترقی، مضبوط انفراسٹرکچر، شفاف حکمرانی اور سرکلر اکانومی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماحولیاتی منظوریوں کے عمل کو آسان بنانے، پرویش پورٹل کے ذریعے منظوری کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے، تعمیل کی ضروریات کو معقول بنانے اور ماحول کی حفاظت کرتے ہوئے کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے کے لیے کئی اصلاحات کی ہیں۔
یادو نے کہا کہ ہندوستان کو ٹیک میک ڈسپوز ماڈل سے آگے بڑھنا چاہیے اور وسائل کے دوبارہ استعمال، ری سائیکلنگ اور پائیدار انتظام پر مبنی ایک سرکلر اکانومی کو اپنانا چاہیے۔ انہوں نے الیکٹرک موبلٹی کو فروغ دینے کے لیے مضبوط چارجنگ نیٹ ورکس، جدید مینوفیکچرنگ کی لوکلائزیشن، اہم معدنیات کے لیے محفوظ سپلائی چین، بیٹری کی ری سائیکلنگ اور وسائل کی کارکردگی پر زور دیا۔
کانفرنس میں پالیسی سازوں، صنعت، آٹوموبائل کمپنیوں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین نے شرکت کی۔ بات چیت میں پالیسی کے تسلسل، چارجنگ انفراسٹرکچر کی توسیع، مقامی مینوفیکچرنگ، بیٹری سپلائی چین کو مضبوط بنانے، مالی مدد اور الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے تکنیکی جدت پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس تقریب میں ایسوچیم کے صدر نرمل کے منڈا، نیشنل کونسل فار گرین موبلٹی کے چیئرمین اور جے بی ایم گروپ کے وائس چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر نشانت آریہ اور ایسوچیم کے سکریٹری جنرل سوربھ سانیال سمیت صنعت کے کئی نمائندے موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی