
حیدرآباد،19 جولائی (ہ س)۔ گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کی منتخب گورننگ باڈی کی پانچ سالہ مدت اس سال فروری میں مکمل ہونے کے بعد کارپوریشن اس وقت خصوصی افسران کے زیرِانتظام چل رہی ہے۔ اسی دوران ریاستی حکومت نے جی ایچ ایم سی کی تنظیمِ نوکرتے ہوئے اسے تین علیحدہ میونسپل کارپوریشنزمیں تقسیم کردیاہے۔ حکومتی احکامات کے مطابق اب گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)،سائبرآباد میونسپل کارپوریشن اورملکاجگیری میونسپل کارپوریشن کے نام سے تین الگ کارپوریشنزوجود میں آچکی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ان کارپوریشنزکے انتخابات رواں سال کے اختتام تک کرائے جانے کا امکان ہے۔اسی پس منظر میں جی ایچ ایم سی انتخابات میں تینوں میئرنشستیں جیتنے سے متعلق بی جے پی رہنماؤں کے دعوؤں پرپارٹی سے نکالے گئے رہنما راجہ سنگھ نے سخت ردِعمل ظاہرکیاہے،جس کی ویڈیوسوشل میڈیاپرتیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ راجہ سنگھ نے کہاکہ میڈیا، عوامی جلسوں اوراخبارات میں مسلسل یہ دعوے کیے جارہے ہیں کہ بی جے پی جی ایچ ایم سی کی تینوں میئرنشستیں جیت لے گی۔میں کہتا ہوں تین نہیں،ایک بھی نہیں۔ پہلے ایک ہی میئرنشست میں آدھی سیٹیں جیت کردکھائیں، پھربڑی بڑی باتیں کریں۔راجہ سنگھ کے یہ بیانات سوشل میڈیا پرموضوعِ بحث بن گئے ہیں۔ اب دیکھنایہ ہے کہ ان کے اس چیلنج پربی جے پی قیادت یاپارٹی رہنماکیاردِعمل ظاہرکرتے ہیں۔ ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق