شمس آباد ایئرپورٹ کے اطراف لیزر شعاعوں سے فضائی سلامتی کو خطرات
حیدرآباد ،19 جولائی (ہ س)۔ راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے(آر جی آئی اے)، شمس آباد کے اطراف طیاروں پر طاقتور لیزر شعاعیں ڈالنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث فضائی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ ٹیک آف اورلینڈنگ
شمس آباد ایئرپورٹ کے اطراف لیزر شعاعوں سے فضائی سلامتی کو خطرات


حیدرآباد ،19 جولائی (ہ س)۔

راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے(آر جی آئی اے)، شمس آباد کے اطراف طیاروں پر طاقتور لیزر شعاعیں ڈالنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث فضائی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ ٹیک آف اورلینڈنگ جیسے حساس مراحل میں لیزر شعاعیں پائلٹس کی بینائی متاثرکرسکتی ہیں، جس سے کسی بڑے حادثے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران شمس آباد ایئرپورٹ کے اطراف اس نوعیت کے100 سے زائد واقعات درج کیے جاچکے ہیں،جس نے شہری ہوا بازی کے حکام اورایوی ایشن شعبے کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ حال ہی میں جرمنی کے شہرفرینکفرٹ سے حیدرآباد آنے والی لوفتھانزا کی ایک پروازکولینڈنگ کے دوران خطرناک صورتحال کاسامنا کرناپڑا۔ رن وے کے قریب پہنچتے ہی اچانک طاقتور لیزر شعاعیں کاک پٹ پر پڑیں، جس سے پائلٹس کی بینائی چند لمحوں کے لیے متاثر ہوئی۔ تاہم پائلٹس کی بروقت مہارت اور حاضر دماغی کے باعث طیارے کو بحفاظت لینڈ کرا لیا گیااورایک ممکنہ حادثہ ٹل گیا۔ شہری ہوا بازی کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 43 ہوائی اڈوں پر ایک ہزار سے زائد لیزر واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں،جن میں سے تقریباً10 فیصد صرف حیدرآباد میں پیش آئے۔حیدرآباد چوتھے نمبر پرہے۔ فیڈریشن آف انڈین پائلٹس کے صدرکیپٹن سی ایس رندھاوانے خبردارکیا ہے کہ اگر چند سیکنڈ کے لیے بھی طاقتور لیزر شعاع پائلٹ کی آنکھوں پر پڑ جائے تو اس کی بینائی عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے، جو دورانِ پرواز انتہائی خطرناک صورتحال پیداکرسکتی ہے۔ ان واقعات کے بعد شمش آباد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ ایئرپورٹ کے اطراف واقع فارم ہاؤسز، فنکشن ہالز اور شادی کی تقریبات میں استعمال ہونے والی ڈی جے لائٹس اور ہائی پاور لیزر بیمز طیاروں کے پروازی راستے میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ پولیس نے اب تک چار فارم ہاؤسز اور دو ویڈنگ ہالزکے مالکان کو سخت انتباہی نوٹس جاری کیے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ فضائی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی لیزر لائٹس کے استعمال پر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande